ہر ذی عقل آدمی رانا ثناء اللہ کو دہشت گردوں کا ساتھی سمجھتا ہے،وہ شہباز شریف کے جرائم میں شریک رہے:صمصام بخاری

ہر ذی عقل آدمی رانا ثناء اللہ کو دہشت گردوں کا ساتھی سمجھتا ہے،وہ شہباز شریف ...
ہر ذی عقل آدمی رانا ثناء اللہ کو دہشت گردوں کا ساتھی سمجھتا ہے،وہ شہباز شریف کے جرائم میں شریک رہے:صمصام بخاری

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہرانا ثناء اللہ کا کام صرف تنقید کرنا ہے وہ اس قابل نہیں کہ انہیں سنجیدہ لیا جائے،ہر ذی عقل آدمی رانا ثناء اللہ کو دہشت گردوں کا ساتھی قرار دیتا ہے، رانا ثناء اللہ شہباز شریف کے منظور نظر اور جرائم میں ان کے ساتھی رہے ہیں ، ہر درد دل رکھنے والا آدمی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین سے ہمدردی کرے گا۔

ادارہ منہاج القرآن مرکز میں شہر اعتکاف کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید صمصام علی بخاری کا کہنا تھا کہ  ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کی ہرممکن مدد کریں گے،ماڈل ٹاؤن سانحہ رانا ثناء اللہ اینڈ کمپنی کا سیاہ کارنامہ ہے جس کی پچھلے برسوں میں کوئی مثال نہیں ملتی،رانا ثناء اللہ نے اپنے دور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے جن متاثرین کو ناجائز گرفتار کیا وہ آج بھی جیلیں بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پاکستان کی ترقی کے لئے صرف کام کررہی ہے، شو بازیاں نہیں کررہی،نعیم الحق کے کہنے پر زرتاج گل کے سفارشی خط کی واپسی کے بعد پی ٹی آئی حکومت پر تنقید بند ہونی چاہیے، پی ٹی آئی حکومت نے اقرباء پروری کے خلاف اپنے منشورکی پابندی کی جس کی تعریف کی جانی چاہیے ، میڈیا کو ہماری قائم کردہ مثال کا ماضی کے ادوار سے بھی موازنہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے ہسپتال میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی صحیح تعداد تین ہے تاہم اس امر کی تحقیق کر رہے ہیں کہ ان کی اموات کی وجہ میڈیکل تھی یا واقعی اے سی خراب ہونے کی وجہ سے وہ فوت ہوئے؟۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کینسر سے متاثرہ فنکارہ ہیرسنگھار سمیت مستحق فنکاروں کے لئے امدادی رقوم کے چیک جاری کر دیئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر نے بعد ازاں منہاج القرآن مرکز میں بسائے گئے شہر اعتکاف کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن مرکز اپنے شرکاء کی تعلیم و تربیت پر جو خصوصی توجہ دیتا ہے اس کے مثبت اثرات شرکاء اعتکاف کے اختتام پر اپنے گھروں میں بھی جا کر بانٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں بچوں کی تعلیم پر تو پوری توجہ دی جاتی ہے مگر تربیت نظرانداز ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ نے مسلمانوں کوزندگی کے معاملات اور حلال حرام کی تمیز کے حوالے سے جو تربیت دی ہے وہ ان کو دوسرے مذاہب سے ممتاز کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تک پہنچنے کا براہ راست طریقہ یہی ہے کہ ہم اللہ کے نبیﷺ کے قدم تھام لیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس ادارے سے ان کی دلی عقیدت ہے،وہ ہر سال ڈاکٹر طاہرالقادری صاحب کی محبت میں یہاں ضرور آتے ہیں تاکہ اس عظیم مذہبی و روحانی اجتماع کے فیوض و برکات میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے ادارہ منہاج القرآن کی سوشل میڈیا ٹیم سے ملاقات کی اور ان سے سوشل میڈیا کے حوالے سے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی۔صوبائی وزیر نے منہاج القرآن مرکز میں علامہ طاہرالقادری کی تصنیفات اور دیگر کتب پر مبنی بک سٹال کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین صدر تحریک منہاج القرآن،ڈاکٹر حسین محی الدین چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن، ادارہ منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نوازگنڈاپور اورمرکزی سیکرٹری اطلاعات نورالحق صدیقی بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے بتایا کہ ادارہ منہاج القرآن 30سال سے شہراعتکاف بسا رہا ہے، اس سال ادارہ منہاج القرآن مرکز ٹاؤن شپ میں 16ہزار افراد معتکف ہیں جن میں 45فیصد نوجوان ہیں،ان افراد کو بہترین سہولیات دی گئی ہیں،اس اجتماع کا مقصد نوجوانوں کو مذہبی و اخلاقی تربیت کی معراج کو پہنچانا ہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور