حکومت، فوج اور عدلیہ ملک کی خاطر ایک پیج پر اکٹھے ہیں،صدر مملکت

حکومت، فوج اور عدلیہ ملک کی خاطر ایک پیج پر اکٹھے ہیں،صدر مملکت

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت، فوج اور عدلیہ تینوں ادارے ملک کی خاطر اکٹھے ہیں،ملک درست سمت میں جا رہا ہے،شوگر مافیا کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہئے،وزیراعظم عمران خان تمام طیارہ حادثوں کی رپورٹس پبلک کریں، لاہور میں 15سے 20 لاکھ افراد کورونا کا شکار ہو سکتے ہیں لوگ روزگار کیلئے ضرور نکلیں لیکن احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔ منگل کے روز نجی ٹی وی کو انٹرویو میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا سے شرح اموات 0.03 فیصد ہے جو اچھی خبر ہے۔کورونا کے باعث بزرگ افراد کی جان کو زیادہ خطرہ ہے حکومت نے ہر شخص کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے۔ کورونا ایک سے تین افراد کو منتقل ہوتا ہے جبکہ کورونا وائرس پھیپھڑوں کے ساتھ دل کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ دنیا بھر میں کورونا کے حوالے سے سب کی مختلف پالیسی ہے۔ کورونا وبا سے پہلے محصولات میں 17فیصد اضافہ ہوا تھا جبکہ کورونا وبا کے باعث ٹیکس وصولیوں میں 25سے 30فیصد کمی ہوگی اس لئے معیشت کا پہیہ چلانے کے لئے کاروباری سر گرمیوں کو کھولنا ضروری تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ حیران ہوں آج تک کسی طیارہ حادثے کی رپورٹ منظر عام پر نہیں آئی وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ آج تک ہونے والے والے تمام طیارہ حادثات کی رپورٹس پبلک کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حکومت سے شوگر مافیا کے معاملے پر بات کی ہے شوگر مافیا ہمیشہ غریب کسان کا استحصال کرتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان شوگر مافیا کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔ عارف علوی نے کہا کہ ملک اس وقت با لکل ٹھیک سمت میں جا رہا ہے عدلیہ بھی بہت درست سمت میں کام کر رہی ہے جبکہ فوج اور ایگزیکٹو کے درمیان بہت اچھی انڈر سٹینڈنگ ہے حکومت، فوج اور عدلیہ تینوں ادارے پاکستان کے لئے اکٹھے ہیں۔

صدر مملکت

مزید :

علاقائی -