نئی دہلی، تنو یوہانن کیرالہ کے ہیڈ کوچ نامزد

نئی دہلی، تنو یوہانن کیرالہ کے ہیڈ کوچ نامزد

  

نئی دہلی (اے پی پی) کیرالہ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے سی اے) نے تنو یوہانن کو کیرالہ کا ہیڈ کوچ نامزد کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ریاستی ایسوسی ایشن نے ایک آن لائن جنرل باڈی کے اجلاس میں کیا ہے۔ تنو یوہانن نے 2001ء میں انگلینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور وہ بھارت کی نمائندگی کرنے والے کیرالا سے پہلے کرکٹر بنے۔ تنو یوہانن کو ڈیو واٹمور کی جگہ کیرالہ کا کوچ نامزد کیا گیا ہے۔ ان سے قبل ڈیو واٹمور نے تین سیزن تک کوچنگ کے فرائض سرانجام دیئے۔ واٹمور کی کوچنگ کے دوران کے کیرالا نے 2017-18ء میں رانجی ٹرافی کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی اور کیرالہ نے اپنی گزشتہ کار کردگی کو بہتر کرتے ہوئے اگلے ہی سال سیمی فائنل کوالیفایی کیا تاہم 2019-20ء میں کیرالہ ایلیٹ گروپ 'سی' سے محروم ہوگیا کیونکہ وہ پورے سیزن میں صرف ایک کھیل جیتنے میں کامیاب رہا تھا۔ تنو یوہانن کو تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچوں میں بھارت کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ تنو یوہانن کے لئے کوچنگ کوئی نئی چیز نہیں ہے، وہ اس سے قبل 2016-17ء کے سیزن میں کیرالا کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔

اس دوران کیرالہ کے کوچ پی بالچندرن کو اس سیزن کے وسط میں ہی برخاست کر دیا گیا تھا اور تنو یوہانن نے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھال لیا تھا۔

تنو یوہانن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ میرے لئے ایک دلچسپ چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس یونٹ کا حصہ رہ چکا ہوں اور ایک اہم بات یہ ہے کہ میں کھلاڑیوں کے لئے کوئی اجنبی نہیں ہوں۔ میرا مقصد ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جس میں ہر کھلاڑی اپنی قابلیت کو بہتر سے بہتر بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے بھارت میں کرکٹ کی کوئی سرگرمیاں نہیں ہو رہیں تاہم مجھے کیرالہ کے کھلاڑیوں کو ان کی فٹنس پر کام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے آپ کو فٹ رکھیں اور ڈومیسٹک سیزن کے لئے تیار رہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -