وفاقی کابینہ، شوگر ملز کے آڈٹ کافیصلہ، احتساب جاری رکھنے پر اتفاق، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچا یا جائے: وزیراعظم

        وفاقی کابینہ، شوگر ملز کے آڈٹ کافیصلہ، احتساب جاری رکھنے پر اتفاق، ...

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کابینہ کو غیر ضروری اخراجات ختم کرنے اور کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت کی جبکہ تمام شوگر ملز کے آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق 1985 سے اب تک تمام شوگر ملز کا آڈٹ کیا جائے گا اور بدعنوانی کے کیس نیب اورایف آئی اے کو بھیجے جائیں گے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ معاشی ٹیم کی جانب سے بجٹ سے متعلق کابینہ کو بریفنگ بھی دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے، اس کے علاوہ اجلاس میں وفاقی بجٹ21-2020ء سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔کابینہ کو پاکستان انٹر نیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) طیارہ حادثے، تحقیقات اور میتوں کی شناخت کے عمل پر بریفنگ دی گئی،اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کو ملک بھر میں فصلوں پرٹڈی دل کے حملے کی صورتحال کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کواسلام آباد میں دفتر تعمیر کرنے کی اجازت دینے سمیت فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے ڈائریکٹرجنرل کی ڈیپوٹیشن پر تقرری کی منظوری دے دی،کابینہ اجلاس میں یوٹیلیٹی سٹورکارپوریشن کی ملازمت کو لازمی سروسز کا حصہ قرار دینے کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد سعد قریشی کو بیکنگ کورٹ کراچی ڈیپوٹیشن پر جج مقرر کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔جوڈیشل آفیسر کی تقرری کا معاملہ بھی وفاقی کابینہ نے منظور کرلیا۔وفاقی کابینہ نے چیئرمین نیشنل شپنگ کارپوریشن کراچی کی تقرری کی بھی منظوری دے دی جبکہ جی ایچ پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دیدی گئی۔۔وفاقی کابینہ کو بتایا کہ بجٹ 2020-21 کی تیاری کا عمل جاری ہے اور جون کے دوسرے ہفتے میں قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائیگا۔بجٹ میں عام آدمی کی مشکلات کا خصوصی خیال رکھا جائے گا جبکہ بجٹ کورونا ریلیف بجٹ ہوگا جس میں صحت کے لئے زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔کابینہ کو پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات اور میتوں کی شناخت کے عمل پر بریفنگ دی گئی اور بتایا کہ مہینہ کے آخر میں تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آجائے گی۔کابینہ نے سمارٹ لاک ڈاؤن جاری رکھنے سے متعلق قومی رابطہ فیصلوں کی توثیق کر دی جبکہ اجلاس میں ملک بھر میں ٹڈی دل کے حملے کی وجہ سے پیدا صورت حال پر بھی بریفنگ دی گئی۔اس حوالے سے کابینہ کو این ڈی ایم اے اور وزارت فوڈ سکیورٹی کے حکام نے مشترکہ بریفنگ دی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا مہنگائی پر اثر نہ پڑنے پر وزیراعظم نے اظہار ناراضی کیا اور مشیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی، عبدالحفیظ شیخ مہنگائی میں کمی کیلئے صوبوں سے مشاورت کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام کو پہنچایاجائے، وزیراعظم نے چینی کی قیمت میں بھی کمی کی ہدایت کی۔ فواد چودھری، فیصل واؤڈا اور مرادسعید نے گندم سکینڈل کے ذمہ داران کو سامنے لانے کامطالبہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے احتساب کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیاذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں منظر عام پر آنے والی حالیہ تصویر کا بھی تذکرہ ہوا۔کابینہ ارکان نے مؤقف اپنایا کہ نوازشریف ملک کا بیڑاغرق کرکے باہر سیروتفریح کررہے ہیں۔نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا نواز شریف کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو شرم نہیں آتی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایئرکنڈیشنر بند کرا دئیے جبکہ ساڑھے 5 گھنٹے کے اجلاس میں وزرا بغیر ریفریشمنٹ کے شریک رہے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر متعدد وزرا نے وزیراعظم سے مکالمہ کیا کہ خان صاحب! نہ اے سی چل رہا ہے اور نہ کھانے کو کچھ، تھوڑی رعایت کریں۔

وفاقی کابینہ

مزید :

صفحہ اول -