پٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں حالیہ کمی کے ثمرات عوا م تک پہنچائینگے: عثمان بزدار

  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں حالیہ کمی کے ثمرات عوا م تک پہنچائینگے: ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ مزید کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات ہر حال میں عوام تک پہنچنے چاہئیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔متعلقہ ادارے و محکمے موثر منصوبہ بندی کرکے ریلیف کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے تناسب سے دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لا کر عوام کو ریلیف دیا جائے،متعلقہ ادارے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے مربوط انداز میں کام کریں۔عثمان بزدارنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ہر قدم عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اٹھ رہاہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی پاکستان تحریک ا نصاف کی حکومت کا عوام کیلئے تحفہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیر صدارت لاہوررنگ روڈ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری کے پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا۔لاہور رنگ روڈاتھارٹی اوراین ایل سی کے درمیان سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط رواں ماہ ہوں گے،وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے منظوری دے دی۔جلاس میں بتایاگیا کہ لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری رائیونڈ روڈ سے ملتان روڈ تک بنایا جائے گا۔8کلومیٹر طویل لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنایا جائے گا۔لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری موٹر ویز طرزپر6رویہ تعمیر کی جائے گی۔لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ 12ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔حکومت پنجاب اوراین ایل سی کے درمیان لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ کی تعمیر کے معاہدے پردستخط جون کے دوسرے ہفتے میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس کے دوران لاہور سدرن لوپ فور کے منصوبہ شروع کرنے کی تیاری جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی،سدرن لوپ فور کے ذریعے ملتان روڈسے ایم تھری تک لنک کیا جائے گا۔سدرن لوپ فور بننے سے 90کلومیٹر طویل لاہوررنگ روڈ کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارسے چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے ملاقات کی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب افتخار علی سہو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبے میں گڈ گورننس اورعوام کو بہترین سروسز کی فراہمی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا اورٹڈی دل کے خاتمے کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے آگا ہ کیا۔چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں گندم خریداری مہم تسلی بخش رفتارسے جاری ہے۔چیف سیکرٹری نے پنجاب میں آٹے کے نرخ پر کنٹرول کیلئے حکومتی اقدامات سے آگا ہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آٹے اور دیگر اشیاء ضروریہ کے نرخ میں اضافہ برداشت نہیں کیاجائے گا۔ چیف سیکرٹر ی نے وزیراعلیٰ کو نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں سے متعلق بھی آگا ہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں کوروناکی وجہ سے پیدا ہونے والی اقتصادی صورتحال کو بھی مدنظر رکھا جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی امور میں بہتری لانے پر چیف سیکرٹری کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے میرا نشاہ میں مدرسے کی چھت گرنے سے طلبہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق طلبہ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زخمی طلبہ اوراساتذہ کی جلد صحت یابی کیلئے دعابھی کی۔

سردارعثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -