شہباز شریف کااسمبلی اجلاس میں اہم امور زیر غور لانے کیلئے سپیکر کو خط

    شہباز شریف کااسمبلی اجلاس میں اہم امور زیر غور لانے کیلئے سپیکر کو خط

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کو خط میں کہا ہے کہ5 جون سے ہونیوالے اجلاس میں بجٹ سے قبل5 دن میسرہیں جن میں قومی اہمیت کے امور زیرغور لائے جائیں۔شہبازشریف نے اسدقیصر کو خط میں کہا کہ ہر روز قومی اہمیت کا ایک مسئلہ زیرغور لانے کیلئے ایجنڈا ترتیب دیاجائے،پہلے دن ملک میں کورونا کی صورتحال، پھیلاو اور تدارک کے لئے حکومتی اقدامات زیربحث لائیں،دوسرے روز کراچی میں پی آئی اے کی بدقسمت پرواز کے حادثے پر بحث کرائی جائے،تیسرے دن چینی سکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ اجلاس میں زیرغور لائی جائے،چوتھے روز ہوائی اڈوں اور پی آئی اے ہوٹلز کی نجکاری کے معاملے پر اجلاس میں بحث کرائیں،پانچویں روزملک میں ٹڈی دل کے حملے سے پیدا شدہ صورتحال زیربحث لائی جائے۔شہبازشریف نے سپیکر قومی اسمبلی کو خط میں لکھا کہ ایوان کے تقدس اوربامقصد گفتگو کیلئے اپوزیشن ارکان کو120 منٹ دیں۔ اپوزیشن ارکان کو عوامی مسائل ایوان میں بلند کرنے اور حکومت کو اپنا جواب دینے کا موقع ملے گا اور کارروائی صدارتی خطاب پر زیرالتوا بحث کے حصے کے طورپر کرائی جائے۔سپیکر صاحب چاہیں توتحریک التوا کے ذریعے قواعد معطل کرکے بھی یہ بحث کراسکتے ہیں۔شہبازشریف نے سپیکر اسد قیصر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔

شہباز شریف خط

مزید :

صفحہ اول -