بھارت خطے کے امن کیلئے سب سے بڑا خطر ہ بن چکا: چودھری سرور

  بھارت خطے کے امن کیلئے سب سے بڑا خطر ہ بن چکا: چودھری سرور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)چودھری سرور نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ نریندرا مودی آر ایس ایس کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے جو انسانیت و مسلم دشمنی پر مبنی ہے۔اگر یورپی پارلیمنٹ میں کشمیریوں و بھارتی مسلمانوں کے لئے آواز بلند ہو سکتی ہے تواو آئی سی کو بھی خاموشی ختم کر کے بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہئے۔گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران چودھری سرور نے کہا کہ خوشی ہے میری دعوت پر لاہور آنے والے یورپی یونین کے نائب صدر فابیو ماسیمو کاستالدوو اور میری ارینا سمیت پندرہ اراکین نے کشمیریوں کے حقوق کے لئے یورپی پارلیمنٹ میں آواز بلند کی ہے اوریورپی پار لیمنٹ کے صدر سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کے لیے باقاعدہ تحر یری درخواست بھی یورپی پار لیمنٹ کے صدر کو جمع کرواچکے ہیں۔ یورپی اراکین پارلیمنٹ سے رابطوں کے بعد بھارت کے خلاف سفارتی محاذ پر پاکستان کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے حوالے سے بڑی کامیابی مل گئی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج دنیا میں انسانی حقوق کی بات کر نیوالا ہر فر د کشمیر یوں اور بھارتی مسلمانوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کر رہا ہے مَیں نے کشمیر یوں اور بھارتی مسلمانوں کے حقوق اور بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کر نے پر یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر فابیو کاستالدو سمیت دیگر یورپی پار لیمنٹ کو شکر یہ کا خط لکھا ہے الحمد اللہ آج کشمیر یوں اور بھارتی مسلمانوں کے حقوق کیلئے پوری دنیا میں آواز بلند ہو رہی ہے۔ یورپی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حقوق اور بھارتی مسلمانوں کے لیے آواز بلند ہونا وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی دفتر خارجہ اور 22 کروڑ عوام کی کامیابی اور کشمیریوں کے اصولی موقف کی فتح ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت اس وقت اندرونی طور پر بدترین انتشار کا شکار ہے۔ نریندرا مودی اپنے عیب و ملکی حالات چھپانے کے لئے کبھی چین سے، کبھی نیپال سے اور کبھی پاکستان سے پنگا لیتا ہے۔ جنوبی ایشیا میں امن کے لئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور نریندرا مودی اپنا جنگی جنون ختم کرے۔
چودھری سرور

مزید :

صفحہ آخر -