لاہور میں 6لاکھ70ہزار کورونا مریضوں کی خبر بے بنیاد،پنجاب حکومت
لاہور(این این آئی) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں 6لاکھ70ہزار کورونا کے مصدقہ مریضوں کی خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں کورونا کے 5لاکھ کے لگ بھگ ٹیسٹ ہوئے ہیں توایسے میں لاہور میں مصدقہ مریضوں کی اتنی تعداد کیسے ہو گئی؟ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کو بتدریج بڑھا رہی ہے، پنجاب میں ڈھائی لاکھ کے قریب کورونا کے ٹیسٹ ہوئے ہیں،ایسے میں صرف لاہور میں کیسے 6لاکھ70ہزار مصدقہ مریض سامنے آ گئے جو سراسر غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں کورونا پر قائم کابینہ کمیٹی میں یہ سارے معاملات روزانہ کی بنیاد پر زیر بحث آتے ہیں اور ایک ایک پہلو کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
پنجاب حکومت