سٹاک مارکیٹ میں دوسرے روز بھی تیزی، انڈیکس میں 386.08پوائنٹس اضافہ، ڈالر اور سونا مزید مہنگا
کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہااور کے ایس ای100انڈیکس مذید 386.08پوائنٹس کے اضافے سے 34408.05 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے باعث 48فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 53ارب 61کروڑ49لاکھ روپے بڑھ گئی اور کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت11.88فیصد زائد رہا۔۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغاز سے ملک میں لاک ڈاون میں نرمی برقرار رکھنے کی اطلاعات پر سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری شروع کی گئی جس کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس34525پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز کی فروخت کے باعث مزکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 386.08پوائنٹس کے اضافے سے34408.05پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای30انڈیکس 215.83پوائنٹس کے اضافے سے 15071.48پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس202.02پوائنٹس کے اضافے سے 24668.28پوائنٹس پر بند ہوا۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر358کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے172کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،161میں کمی اور 25کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔تیزی کے باعث سرمائے کا مجموعی حجم64کھرب93ارب 21کروڑ56لاکھ روپے سے بڑھ کر65کھرب46ارب 83کروڑ5لاکھ روپے ہو گیاجب کہ کاروباری حجم 22کروڑ16لاکھ 91ہزار شیئرز رہا جوپیر کی نسبت 2کروڑ35لاکھ 44ہزار شیئرززائد ہے۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے یونی لیورکے حصص کی قیمت 188روپے کے اضافے سے 9899روپے اورانڈس ڈائنگ کے حصص کی قیمت 43.22روپے کے اضافے سے638روپے ہو گئی جبکہ سیپ ہائر فائبر کے حصص کی قیمت55.53روپے کی کمی سے709.50روپے اورفیروز سنز کے حصص کی قیمت 22.76روپے کی کمی سے307.32روپے پر آ گئی۔نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے پاک الیکٹران، ٹی آر جی پاک،ہیسکول پٹرول،بینک آف پنجاب،یونٹی فوڈز،نیشنل بینک،میپل لیف،فوجی فوڈز،صدیق سنز اور بینک الفلاح کے حصص سرفہرست رہے۔عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے باعث مقامی مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت مزید300روپے کے اضافے سے98ہزار400روپے ہوگئی۔آل کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کوانٹر نیشنل گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 7ڈالر کے اضافے سے1740ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 300روپے کے اضافے سے فی تولہ سونے کی قیمت98ہزار400روپے اور دس گرام سونے کی قیمت257روپے کے اضافے سے84ہزار362روپے ہو گئی۔کرنسی مارکیٹوں میں منگل کو بھی امریکی ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیوں کا پاکستانی روپے کی قدر پر دباو برقرار رہااور امریکی ڈالر165روپے سے تجاوز کرگیا جب کہ یورو کی قدر میں بھی مزید1.80روپے اور بربرطانوی پاونڈ کی قدر میں 4روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا سعودی ریال اور یواے ای کی قدر بھی بڑھ گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق غیر ملکی کرنسیوں کی طلب بڑھنے کے باعث پیر کو بھی پاکستانی روپے کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی جس کے باعث انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خریدایک روپے کے اضافے سے 163.75روپے سے بڑھ کر164.75روپے اور قیمت فروخت 164روپے سے بڑھ کر165روپے ہوگئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید1.20روپے کے اضافے سے163.50روپے سے بڑھ کر164.70روپے اور قیمت فروخت164روپے سے بڑھ کر165.20روپے ہو گئی۔دیگر کرنسیوں میں 1.80روپے کے اضافے سے یورو کی قیمت خرید178.50روپے سے بڑھ کر180.30روپے اور قیمت فروخت180.50روپے سے بڑھ کر182.30روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید4روپے کے اضافے سے199روپے سے بڑھ کر203روپے اور قیمت فروخت 205روپے ہوگئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال کی قیمت خرید43روپے سے بڑھ کر43.20روپے اور قیمت فروخت43.50روپے سے بڑھ کر43.70روپے ہوگئی جب کہ یواے ای درہم کی قیمت خرید44روپے سے بڑھ کر44.30روپے اور قیمت فروخت44.50روپے سے بڑھ کر44.80روپے ہوگئی۔
سٹاک مارکیٹ