طیارہ حادثے کی تحقیقاتی کمیٹی پر تحفظات ہیں: حافظ نعیم الرحمن

    طیارہ حادثے کی تحقیقاتی کمیٹی پر تحفظات ہیں: حافظ نعیم الرحمن

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقاتی کمیٹی پر تحفظات ہیں،جس کی جانب بارہا پالپا نے بھی نشاندہی کی ہے،انکوائری کمیٹی نے شفاف تحقیقات کے لئے تمام نمائندے شامل ہونے چاہئیں،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ماضی کی طرح اس قومی سانحے کو بھی سرد خانے کی نذر کردیا جائے گا،اصل حقائق جو اس حادثے کی وجہ بنے قوم سے چھپائے جائیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے طیارہ حادثہ میں شہید ہونے دانش الطاف و اہلیہ،بیٹا اور بیٹی کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نماز جنازہ میں وائس یوسی چیئرمین توفیق الدین صدیقی ٗ نائب امیر ضلع فرحان خان ودیگر نے بھی شرکت کی۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ ائیرپورٹ کے اطراف بڑی تعداد میں ریسٹورینٹس قائم ہیں جہاں چیل کوے منڈلاتے ہیں اس زاوئیے کو بھی تحقیقات میں شامل ہونا چاہئے،جہازوں کے آمدورفت کے مقامات پر تعمیرات کی اجازت کس ادارے نے دی اس کی بھی باز پرس ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ طیارہ حادثہ میں شہداء کی لاشوں کی تصدیق کے عمل میں دشواریوں کاسامنا ہے،لواحقین کو ان کے پیاروں کی لاشیں حوالے نہیں کی جارہی ہیں،لواحقین کی پریشانیوں کو دور کیا جائے اور ان کا ازالہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثہ میں جو گھر تباہ ہوئے ہیں انہیں معاوضہ دیا جائے،زخمی ہونے والوں کی امداد کی جائے اور رہنے کے لیے متبادل گھر دیے جائیں۔توفیق الدین صدیقی نے کہاکہ جماعت اسلامی طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے لواحقین کے ساتھ ہے اور جن لوگوں کے گھر تباہ ہوئے ہیں اور جو بھی زخمی یا شہید ہوئے ہیں حکومت انہیں معاوضہ دے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا ازالہ کرے۔#

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -