پنجاب، خیبر پختونخوا کو ضرورت کے مطابق گندم کی فراہمی یقینی بنائے: سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے صوبائی وزیر برائے خوراک پنجاب عبدالعلیم اور صوبائی وزیر برائے خوراک خیبر پختونخواہ قلندر خان نے ملاقات کی جس میں صوبائی سیکرٹری خوراک پنجاب اور صوبائی سیکرٹری خوراک خیبر پختونخواہ اور ممبر ایس ایم بی آر خیبر پختونخواہ نے بھی شرکت کی۔ملاقات میں خیبرپختونخواہ کو ضروریات کے مطابق گندم کی فراہمی اور ملک میں زرعی شعبے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خیبرپختوتنخواہ میں گندم کی پیداوار اس کی ضروریات سے کم ہے۔صوبے کی ضرروریات کے مطابق گندم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اْٹھائے جائیں۔انہوں نے صوبائی وزیر برائے خوراک خیبر پختونخواہ کو صوبے میں گندم کی خریداری کا ہدف بروقت مکمل کرنے کا کہا۔انہوں نے پارلیمانی سطح پر زراعت کی ترقی کے لیے اْٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کی ترقی کے لیے پارلیمان کی خصوصی کمیٹی برائے زرعی مصنوعات تشکیل دی گئی ہے جو زرعی شعبے کی ترقی کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ صوبائی حکومتیں زراعت کے شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر اسطوار کرنے کے لیے اقدامات اْٹھائیں۔ ملک کے بعض حصوں میں ٹڈی دل کے حملے ایک لمہ فکریہ ہے اور اس سے ملک میں فصلوں کوخطرا ت لاحق ہیں۔ صوبائی وزیر برائے خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور گندم کی قلت کا کوئی خطرا نہیں ہے۔ انہوں نے سپیکر کو یقین دلایا کہ خیبرپختونخواہ سمیت دیگر صوبوں کو ضررویات کے مطابق گندم کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔وزیر خوراک برائے خیبر پختونخواہ قلندر خان نے سپیکر کو کے پی کے میں موجود گندم کے ذخائر کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی ضروریات کے مطابق گندم کی بروقت خریداری کے لیے ہر ممکن اقدامات اْٹھائے جائیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی