کورونا سے مزید 70جاں بحق 3490نئے کیس، سندھ میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان سیاحت کیلئے ایس او پیز تیار، پنجاب میں احکامات پرعمل نہ کرنے والی مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ

کورونا سے مزید 70جاں بحق 3490نئے کیس، سندھ میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا ...

  

کراچی(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) سندھ میں وزیر ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ سندھ حکومت نے آج سے پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کا اعلان کر دیا۔ ٹرانسپورٹرز ایس او پیز کے تحت بسیں چلائیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں آج سے ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی گئی، ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ اور انسپکشن ٹیم تشکیل دے دی ہیں، ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو گاڑیاں بند کی جائیں گی، تمام گاڑیوں میں اضافی مسافر نہیں بٹھائے جائیں گے، مسافر گاڑیوں میں ماسک اور سینیٹائزر کو لازم قرار دیا گیا ہے، صرف منظور شدہ اڈوں سے گاڑیاں نکلیں گی، خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔حکومت کی جانب سے کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سیاحتی شعبے کو کھولنے کیلئے بھی ایس او پیز تجویز کردیے گئے ہیں۔نیشنل ٹورزم کوآرڈینشن بورڈ کے مطابق ہوٹل میں داخلے سے پہلے کسی بھی فرد کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے اور ساتھ ہی ہوٹل سٹاف کیلئے ماسک، گلوز اور سینیٹائزر لازمی ہوگا۔نیشنل ٹورزم کوآرڈینشن بورڈ کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے کمروں کو روزانہ ڈس انفیکٹ کیا جائے گا، اس کے علاوہ کمروں، گیلریوں اورکھانے کی جگہ پر سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا۔دوسری طرف پنجاب حکومت نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کروانے والی مارکیٹوں کو بند کروانے کا فیصلہ کرلیا،5 دن مارکیٹوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔ کورونا وبا کا پھیلاروکنے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت ضروری قرار دیکر عوامی آگاہی مہم کو بھی مزید تیز کیا جائے گا حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کی اپیل کی جائے گی۔ پیر سے جمعہ تک جو مارکیٹ ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کرے گی اسے فوری طور پر بند کروایا جائے گا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بھی ایس او پیزکے تحت صوبے میں سیاحت کا شعبہ کھولنے کا اعلان کردیا۔پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بتایا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کی جا رہی ہے تاہم عوام کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور(سٹاف رپوقرٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ملک میں منگل کے روز کورونا سے مزید 70 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ، 3490 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اموات کی مجموعی تعداد 1644 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 77837 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک سندھ میں 526 اور پنجاب میں کورونا سے 540 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 482 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 49، اسلام آباد 30، گلگت بلتستان میں 11 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔منگل کے روز پنجاب سے 1610 کیسز 43 ہلاکتیں، سندھ 1439 کیسز 23 ہلاکتیں، بلوچستان 121 کیسز 2 ہلاکتیں، اسلام آباد 304 کیسز 2 ہلاکتیں اور آزاد کشمیر سے 16 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔پنجاب سے کورونا کے مزید 1610 کیسز اور 43 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 27850 اور ہلاکتیں 540 ہوگئی ہیں۔صوبے میں اب تک کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7116ہے۔سندھ نیں کورونا کے مزید 1439 کیسز اور 23 اموات سامنے آئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 31086 ہوگئی ہے جب کہ اموات 526 تک جا پہنچی ہیں۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ منگل کو 953 مزید مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 15538 ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 304 کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 2893ہوگئی ہے جب کہ اموات 30 ہو چکی ہیں۔اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 169 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔آزاد کشمیر میں بھی آج کورونا کے مزید 16کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔حکومتی اعدادو شمار کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 271 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں پیر کو مزید 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 482 تک جا پہنچی ہے۔صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 458 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 10485 ہوگئی۔صوبے میں اب تک 2973 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 27 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 738 ہوگئی ہے۔محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق کورونا سے اب تک 11 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 527 ہے۔

پاکستان ہلاکتیں

لندن،نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 63 لاکھ 70 ہزار 499 ہوگئی جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 77 ہزار 515 ہو گئیں۔امریکی میڈیارپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 30 لاکھ 88 ہزار 294 مریض اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 53 ہزار 403 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 29 لاکھ 4 ہزار 690 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 6 ہزار 925 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 18 لاکھ 59 ہزار 323 ہو چکی ہے۔امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 11 لاکھ 36 ہزار 982 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 16 ہزار 949 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 6 لاکھ 15 ہزار 416 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 405 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 30 ہزار 46 زندگیاں نگل چکا ہے۔کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 4 ہزار 855 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 14 ہزار 878 ہو چکی ہے۔اسپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 86 ہزار 718 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جب کہ اس وباء سے اموات 27 ہزار 127 ہو چکی ہیں۔برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 39 ہزار 45 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 76 ہزار 332 ہو گئی۔اٹلی میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 33 ہزار 475 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 33 ہزار 197 رپورٹ ہوئے ہیں۔بھارت میں کورونا وائرس سے 5 ہزار 608 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 98 ہزار 706 ہو گئی۔فرانس میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی ہلاکتیں 28 ہزار 833 ہوگئیں جبکہ کورونا کیسز 1 لاکھ 89 ہزار 220 ہو گئے۔جرمنی میں کورونا سے کْل اموات کی تعداد 8 ہزار 618 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 1 لاکھ 83 ہزار 765 ہو گئے۔ترکی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 563 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 64 ہزار 769 ہو گئے۔ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 7 ہزار 878 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 54 ہزار 445 ہو گئے۔سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 525 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 87 ہزار 142 تک جا پہنچی ہے۔چین جہاں دنیا میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا وہاں کورونا وائرس پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور روزانہ صرف چند کورونا مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اس سے اموات میں کافی عرصے سے کوئی اضافہ سامنے نہیں آیا ہے، چین میں کورونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 22 اور اس سے اموات 4 ہزار 634 ہوگئی ہیں۔

عالمی ہلاکتیں

مزید :

صفحہ اول -