سندھ کے وزیر کچی آبادی مرتضی بلوچ کورونا سے انتقال کر گئے، سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا اہلخانہ سمیت کورونا ٹیسٹ بھی مثبت

سندھ کے وزیر کچی آبادی مرتضی بلوچ کورونا سے انتقال کر گئے، سینیٹر مولا بخش ...

  

کراچی/حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کے باعث کئی روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا۔تفصیل کے مطابق صوبائی وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم کچھ روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج اور انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل تھے۔ انھیں پچھلے ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کی وبا سامنے آنے کے بعد مسلسل عوامی خدمت میں مصروف رہے۔ تاہم وبا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطیہ کر لیا تھا۔ بعد ازاں طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث ان کے اہلخانہ نے انھیں نجی ہسپتال میں داخل کرایا تھا۔مرتضیٰ بلوچ کا 14 مئی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ مرحوم گڈاپ کے ٹاؤن ناظم بھی رہے۔ وہ پی ایس 88 ملیر ٹو رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو اور ان کے اہلخانہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا۔مولا بخش چانڈیو کی اہلیہ کی چند روز قبل طبیعت خراب ہونے پر کورونا ٹیسٹ کروائے گئے جن کی رپورٹ مثبت آنے پر مولا بخش چانڈیو، ان کے دو صاحبزادوں، دو بہوؤں اور ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن کی رپورٹ میں مولا بخش چانڈیو، ایک بہو اور ایک ملازم کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور پھر چاروں افراد کو گھر میں علیحدہ علیحدہ آئسولیٹ کر دیا گیا۔دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر مولا بخش چانڈیو کو ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

مرتضی بلوچ/چانڈیو

کراچی (این این آئی) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صوبائی وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر سندھ نے مرحوم کی مغفرت،درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کا سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضی بلوچ کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید غلام مرتضی بلوچ کرونا وائرس وبا کے خلاف فرنٹ لائین سپاہی تھا۔ لاک ڈاؤن کے دوران وہ اپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر ملیرمیں غریب شہریوں کے گھروں میں راشن پہنچانے میں مصروف رہا۔ شہید غلام مرتضی بلوچ کے انتقال سے پارٹی ایک نظریاتی و ثابت قدم رہنما سے محروم ہو گئی۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضی بلوچ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے غلام مرتضی بلوچ کے انتقال پر شدید صدمہ ہوا۔ بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم غلام مرتضی بلوچ کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات، بلدیات، ہاؤسنگ، ٹاؤن پلاننگ، مذہبی امور، جنگلات و جنگلی حیات سندھ سیدناصرحسین شاہ نے صوبائی وزیر برائے کچی آبادی حاجی غلام مرتضی بلوچ کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔اپنے جاری کردہ ایک تعزیتی پیغام میں صوبائی وزیر بلدیات سندھ سیدناصرحسین شاہ نے کہا کہ حاجی غلام مرتضی بلوچ کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور نے سندھ کے وزیر برائے کچی آبادی غلام مرتضی بلوچ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم غلام مرتضی بلوچ کا انتقال پارٹی اور ملیر کی عوام کے لیئے بہت بڑا نقصان ہے۔ زندگی کی آخری گھڑی تک وہ پارٹی پروگرام کے فروغ اور ملیر کی عوام کی بھبود و ترقی کے لیئے سرگرم رہے۔

افسوس کا اظہار

مزید :

صفحہ اول -