سندھ میں اب تک کتنے بچوں کو بھی کورونا ہو چکا ہے؟ پریشان کن خبر
کراچی(ویب ڈیسک) ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 28 فروری سے تعلیمی ادارے بند ہونے کے باوجود سندھ میں 1128 بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے بیان میں کہا کہ کم عمر بچوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی شرح خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ اب تک 1128 بچوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاک ڈائون ہونے تک خواتین میں کرونا سے متاثر ہونے کی شرح کم تھی تاہم لاک ڈائون میں نرمی کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ مجموعی افراد میں خواتین کی شرح 28 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو تشویش ناک بات ہے۔ بازاروں میں خریداری کی وجہ سے خواتین بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے التجا کرتے ہیں کہ خدارا سماجی فاصلہ کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ ب وائرس سے متاثرہ افراد کی شرح کا گراف خطرے کا الارم ہے۔ حکومت سندھ احتیاطی تدابیر کے لیئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے عوام کو بھی حکومت کا ساتھ دینا ہوگا بصورت دیگر صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے عوام غیر ضروری طور پر گھر سے نکلنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ محکمہ صحت کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 23 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 953 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سندھ میں 1 ہزار 439 افراد میں کورونا کی تصدیق کے بعد سندھ بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 31 ہزار 86 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں وبا سے ہونے والی اموات 546 ہوچکی ہیں۔