افغانستان میں دھماکااورہلاکتیں لیکن دہشت گردوں نے کس جگہ کو ٹارگٹ کیا؟ انتہائی افسوسناک خبرآگئی
کابل(ڈیلی پاکستان آن لائن) افغانستان میں قیام امن ایک بار پھر خواب بن گیا۔ دارالحکومت کابل میں ایک اور دھماکہ کردیا گیا جس کی وجہ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
فرانس کے خبررساں ادارے اے ایف پی اور الجزیرہ کے مطابق دھماکہ کابل کے گرین زون کی ایک مسجد میں کیا گیا جس کی وجہ سے امام مسجد اور ایک نمازی جاں بحق ہوگئے جبکہ کچھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
دھماکا ایک ایسے وقت پر ہوا ہے جب افغان دارالحکومت ملک کے شمالی علاقے میں حملے میں 7 شہری سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ہلاک ہو گئے اور افغان حکام نے حملے کی ذمے داری طالبان پر عائد کی ہے۔
گرین زون میں ہونے دھماکے کی فی الحال کسی بھی گروپ کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
شہر کے محفوظ ترین علاقے میں ہونے والے اس دھماکے کی آواز دور دور تک سنئی گئی اور قریب ہی واقع سفارتخانوں اور بین الاقوامی دفاتر میں دھماکے بعد سائرن بجنے لگے اور عملہ محفوظ کمروں کی جانب روانہ ہو گیا۔
ملک کی وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے اس شام دہشت گردوں نے وزیر اکبر خان مسجد میں دھماکا خیز مواد کے ذریعے حملہ کیا۔
یہ مسجد گرین زون کے داخلی دروازے پر واقع ہے اور اس انتہائی سیکیورٹی کے حامل علاقے میں واقع مسجد میں لوگ دونوں اطراف سے داخل ہو سکتے ہیں اور اہم رہنما اکثر عید کی نماز یہاں ادا کرتے ہیں۔