سعودی عرب میں پھنسے 240پاکستانی کراچی پہنچ گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں میں سے 240 مسافر سعودی ایئر کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچ گئے جبکہ 530 ہم وطنوں کو پی آئی اے کی تین مختلف پروازوں سے پاکستان واپس لایا جارہا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 16 پاکستانی شہریوں کی میتیں بھی پی آئی اے کی پروازوں سے آج وطن واپس پہنچائی جا رہی ہیں، سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 708 سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے آج صبح 10 کراچی پہنچی۔
سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کی درخواست پر آنے والی اس پرواز سے 240 پاکستانی وطن واپس آئے ہیں۔ کراچی سے سعودی عرب جانے کے لیے اس فری پرواز پر کسی مسافر کی بکنگ نہیں ہے اور یہ خالی واپس جائے گی۔ سعودی ایئرلائن کی ایک اور پرواز ایس وی 792 پاکستانی شہریوں کو لے کر آج دوپہر بارہ بجے پشاور پہنچ رہی ہے۔