معروف امریکی بلاگر سنتھیا ڈی رچی نے وزیراعلیٰ کے معاون مرتضیٰ وہاب کی گوری خاتون کے ساتھ قابل اعتراض تصویر سوشل میڈیا پر جاری کر دی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )مشہور امریکی خاتون صحافی ، بلاگر اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹ ” سنتھیا ڈی رچی “ نے پیپلز پارٹی پر وار جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب صوبائی وزیر نواب تیمور تالپور کے بعد وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی مرتضیٰ وہاب کی گوری کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے نیا ہنگامہ برپا کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سنتھیا ڈی رچی نے اس مرتبہ پھر اینٹر ی مارتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے معاون خصوصی مرتضیٰ وہاب کی گلابی رنگ کے مختصر لباس میں ملبوس گوری خاتون کے ساتھ رقص کرتے ہوئے کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہے ۔ تصویر کے انداز سے محسوس ہوتاہے کہ مرتضیٰ وہاب بھی ہلکا پھلکا جسم ہلا کر خوبرو خاتون کا ساتھ نبھا رہے ہیں ۔
سنتھیا ڈی رچی کا اپنے پیغام میں کہناتھا کہ ” وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے موجودہ معاون مرتضیٰ وہاب کی رنگین سرگرمیاں ، یہ 2017 سے 2018 تک سینیٹ کے رکن بھی رہے “۔
اس کے علاوہ بات یہاں پر ختم نہیں ہوئی بلکہ انہوں نے مرتضیٰ وہاب ماضی میں دیئے گئے بیان میں سے ایک جملہ شیئر کیا اور تنقید کے تیر برسا دیے ۔ مرتضیٰ وہاب نے جذباتی ہو کر کچھ عرصہ قبل بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ”بیرون ملک سے آ کر لوگ سندھ سے علاج کروا رہے ہیں “ ۔ اس بیان پر سنتھیا ڈی رچی نے اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ” مجھے یہ واضح نہیں کہ امریکہ اور برطانیہ سے کتنے لوگ سندھ میں علاج کی غرض سے آ رہے ہیں ۔“