ڈونلڈ ٹرمپ کی وجہ سے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ بڑی مشکل میں پھنس گئے، سخت تنقید کا سامنا

ڈونلڈ ٹرمپ کی وجہ سے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ بڑی مشکل میں پھنس گئے، سخت ...
ڈونلڈ ٹرمپ کی وجہ سے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ بڑی مشکل میں پھنس گئے، سخت تنقید کا سامنا

  

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک طرف صدر ٹرمپ کی ٹویٹس فلیگ کرنے پر ٹوئٹر کے ساتھ ان کی کشمکش جاری ہے اور دوسری طرف ٹوئٹر کی طرح صدر ٹرمپ کی پوسٹس کو فلیگ یا ڈیلیٹ نہ کرنے پر شہری حقوق کے لیڈرز فیس بک کے بانی مارک زکربرگ پر برس پڑے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق صدر ٹرمپ کی جن ٹویٹس کو ٹوئٹر نے فلیگ کیا وہ فیس بک پر پوسٹس کی صورت میں تاحال موجود ہیں۔ شہری و انسانی حقوق کے لیڈرز نے مارک زکربرگ اور فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر شیریل سینڈبرگ سے ’زوم‘ پر ویڈیو کال بھی کی لیکن انہوں نے صدر ٹرمپ کی پوسٹس ڈیلیٹ نہیں کیں۔

مارک زکربرگ کا اس معاملے پر موقف تھا کہ یہ پوسٹس فیس بک پر باقی رہنی چاہئیں تاکہ لوگوں کو پتا چل سکے کہ امریکہ میں ہونے والے پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے جواب میں حکومت کیا کرنے جا رہی ہے۔ اس پر شہری و انسانی حقوق کے لیڈرز نے مارک زکربرگ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا موقف سمجھ سے بالاتر ہے اور وہ صدر ٹرمپ کی لوگوں پر تشدد کو مسلط کرنے کی دھمکیوں کا انوکھا جواز پیش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ان پوسٹس میں صدر ٹرمپ نے امریکہ میں ہونے والے پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے متعلق کہا تھا کہ مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاہم ان کے الفاظ انتہائی سخت تھے۔ ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھ رکھا ہے کہ ”جب لوگ لوٹ مار کریں گے تو ان پر گولیاں تو چلائی جائیں گی۔“اس پوسٹ کو بھی ٹوئٹر نے فلیگ کر رکھا ہے لیکن فیس بک پر یہ معمول کی پوسٹس کی طرح اب بھی موجود ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -