کراچی میں ریت کے طوفان نے تباہی مچادی، کئی افراد جان کی بازی ہار گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں ریت کے طوفان نے تباہی مچادی، ہر چیز ریت میں ڈھک گئی، طوفان کی وجہ سے پیش آنے والے واقعات میں 4افراد جاں بحق اور 18زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں آنے والی تیز آندھی اور ریت کے طوفان کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، ہر طرف اندھیرا چھاگیا اور لوگ ریت سے چھپنے کیلئے پناہیں تلاش کرتے رہے۔ ریت کے طوفان کے ساتھ سخت ٹھنڈی ہواؤں نے لوگوں کو گرمی میں سردی کی یاد دلادی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں آنے والی آندھی اور طوفان کے سبب سعدی ٹاؤن میں مکان کی دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوئی۔ گلشن معمار فقیراگوٹھ کےقریب دیوارگرنےسےایک شخص جاں بحق اور 2زخمی ہوئے۔ تیسر ٹاؤن میں چھت گرنےسےایک شخص جاں بحق ہوا، گلشن معمارمیں گھرکی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
سرجانی سیکٹر 9 میں بھینسوں کے باڑے میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں متعدد جانور ہلاک ہوگئے۔ ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین نے بتایا کہ تیز ہواؤں کے باعث آگ بھوسے میں لگی۔ باڑے میں آگ لگنےسےدرجن سےزائدمویشیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔