وفاقی شرعی عدالت کے جج جسٹس محمد انور شاہ کا جامعہ نعیمیہ کادورہ

  وفاقی شرعی عدالت کے جج جسٹس محمد انور شاہ کا جامعہ نعیمیہ کادورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نمائندہ خصوصی) وفاقی شرعی عدالت کے جج جسٹس محمد انور شاہ نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ کے دورہ کیا جہاں پر ادارے کے سربراہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے ان کا استقبال کیا۔ جسٹس محمد انور شاہ نے مرکزی لائبریری، کلاس روم، شعبہ کمپیوٹر سائنس کا معائنہ کیا اور مفتی محمد حسین نعیمیؒ، شہید پاکستان ڈاکٹر سرفراز نعیمیؒ شہید کے مزار فاتحہ خوانی کی اور علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے اسلامی نظریاتی کونسل کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وفاقی شرعی عدالت جج جسٹس محمد انور شاہ نے خصوصی ”فقہی مذاکرے“ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دینی مدارس کے طلبہ خود کو جدید عصری علوم سے آر استہ کریں۔ آئی ٹی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

  اور خود کو علمی اور مالی لحاظ سے مضبوط بنائیں۔ موجودہ دور سائنس وٹیکنالوجی کا ہے اس لئے دینی مدارس کے طلباء دورحاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم میں بھی مہارت پیدا کریں۔ اس موقع پر ڈاکٹر راغب نعیمی نے جسٹس محمد انور شاہ کا جامعہ نعیمیہ کا دورہ کرنے پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ نعیمیہ 7 دہائیوں سے تعلیم کے فروغ اور دین کی ترویج و اشاعت میں مصروف عمل ہے۔ جامعہ نعیمیہ کے فارغ التحصیل علماء، مفتیان کرام پاکستان سمیت یورپ، افریقہ ایشیاء کے مختلف ممالک میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ فقہی مذاکرے میں شیخ الحدیث علامہ غلام نصیر الدین چشتی، مفتی محمد عمران حنفی، مفتی محمد مدنی، مفتی محمد عارف حسین، پیر سید زین العابدین سمیت طلبہ اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔