سعودی عرب کو پاکستانی آئی ٹی برآمدات 310ملین ڈالر تک پہنچ گئیں
اسلام آباد(آن لائن)ایس آئی ایف سی اور آئی ٹی سیکٹر کی ہم آہنگی کی بدولت پاکستانی برآمدات نئی بلندی پر پہنچ گئی ہیں‘رواں سال سعودی عرب کو پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اپریل کے مہینے میں 310 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ایک ماہ میں ریکارڈہے‘ جولائی سے اپریل تک آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات نے 2.59 بلین ڈالر کی تاریخی بلندی حاصل کی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 21 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ایس آئی ایف سی ذرائع کے مطابق آئی ٹی سیکٹر پاکستان میں تیزی سے ترقی کرنے والی صنعتوں میں سے ایک ہے، جو ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر کے طور پر اپنی حقیقی صلاحیت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔پاکستان کا اہم بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق، پاکستان کی آئی ٹی کمپنیاں ایکسپورٹ کے ذریعے جی سی سی میں اور خاص طور پر سعودی عرب میں ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری کی وجہ سے اپنا مقام بنا رہی ہیں۔ آئی ٹی کاشعبہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ بننے کے سفر پر ہے اور پاکستان کی سعودی عرب کو مسلسل برآمدات کی بدولت گزشتہ دو سالوں میں آئی ٹی برآمدات میں سالانہ 100 ملین ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
آئی ٹی برآمدات
