مولانا فضل الرحمن اور جاوید ہاشمی کی ملاقات، مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق
ملتان(آن لائن) مولانا فضل الرحمن سے گزشتہ روز سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے ملاقات کی اور ان سے ملکی سیاسی صور تحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ آمد پر سا بق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے استقبال کیا۔ باخبر ذرائع کے مطابق ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف سیاسی امور پراپنا اپنا نقطہ نظر پیش کیا اور آئندہ بھی دوطرفہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفا ق کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا وہ میدان عمل میں نکل چکے ہیں اور کسی صورت بھی ان کا واپسی کا کوئی پروگرام نہیں، انہوں نے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے اپنے موقف سے جاوید ہاشمی کو آگاہ کیا جس سے انہوں نے بھی اتفاق کرتے ہوئے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ جاوید ہاشمی نے ملکی و سیاسی مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پرمشاورت جاری رکھنے کی ضرور ت پر زور دیا اور کہا یکطرفہ طور پر کوئی بھی فیصلہ نہیں ہونا چاہئے۔ ملاقات میں تحریک انصاف کا صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مولانا فضل الرحمان نے مخدوم جاوید ہاشمی کو پی ٹی آئی سے رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ اس وقت ملک ایک نازک دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ہر سیاسی جماعت اور بڑے سیاسی رہنماؤں کو مل جل کرلائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے۔
فضل الرحمن ملاقات
