عازمین حج گورنمنٹ سکیم کے تحت درخواستیں بلا تاخیرجمع کروائیں

عازمین حج گورنمنٹ سکیم کے تحت درخواستیں بلا تاخیرجمع کروائیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اس سال مناسک حج 13سے 18 اکتوبر2013ءتک جاری رہیں گے ۔حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ پیر14 اکتوبرکو ہوگا۔پاکستان سے عازمین حج کی روانگی 7ستمبر سے شروع ہو کر 9اکتوبر تک جاری رہے گی جبکہ حاجیوں کی واپسی 19اکتوبر سے شروع کر 18نومبر کو مکمل ہو گی ۔ 40ہزار عازمین براہ راست مدینہ جبکہ باقی جدہ جائیں گے۔
 قومی بینکوں کے ذریعے ’ پہلے آئیے پہلے پائیے‘ کی بنیاد پرگورنمنٹ حج سکیم کی 85ہزار 500 درخواستوں کی وصولی منگل 5مارچ 2013ءسے شروع ہو رہی ہے۔ مقررہ تعداد میں درخواستیں جمع ہونے کے بعد مزید وصولی روک دی جائے گی لہذا اس سال حج پر روانگی کے خواہشمند افراد ناکامی سے بچنے کے لئے جلد از جلد درخواستیں جمع کر وائیں اور ان پر جمع کروانے کی تاریخ او رو قت کا اندراج بھی کروائیں۔ ہر شخص کے لئے درخواست فارم میں حضرت محمد کی ختم نبوت پر ایمان رکھنے کے بارے میں بیان حلفی پر ستخط کرنا یا انگوٹھا لگانا لازمی ہے۔ درخواست گزار کے پاس نادر اکاجاری کردہ قومی شناختی کارڈ‘ 30اپریل 2014ء تک کارآمد مشین ریڈیبل پاسپورٹ یا پاسپورٹ بنوانے کے لئے جمع کروائی جانے والی درخواست کی رسید‘ہلکے نیلے رنگ کے پس منظر میں 4x3سینٹی میٹر سائز کی12تصاویر اور حاجی کی طرف سے پسند کی جانے والی رہائش گاہ کے حرم شریف سے فاصلے کے پیش نظر مقرر کئے جانے والے واجبات کی رقم ہونا ضروری ہے ۔ خواتین اپنا سر‘ بال‘ کا ن اور گلا ڈھانپ کر تصویربنوائیں۔درخواست دہندہ کو اپنا بلڈ گروپ بھی معلوم ہوناچاہئے ۔اس کے علاوہ حاجی کے صحت منداور سفر کے قابل اور چھوت کی کسی بیماری میں مبتلا نہ ہونےکے بارے میں بھی درخواست فارم پر بنے ہوئے سرٹیفکیٹ کی کسی سرکاری ہسپتال کے مستند ڈاکٹر سے تصدیق کروانا بھی ضروری ہے۔
 پاکستانی حاجیوں کے لئے حاصل کی جانے والی رہائش گاہوں کو حر م شریف سے فاصلے کی بنیاد پر تین درجوں بلیو‘ گرین اور وائٹ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کسی کیٹیگری میں درخواست دینے کے لئے اسی رنگ کا حج درخواست فارم استعمال ہو گا ۔حرم شریف سے 900میٹر کے فاصلے کے اندر واقع رہائش گاہیں بلیو کیٹیگری‘901سے دو ہزار میٹر تک واقع رہائش گاہیں گرین کیٹیگری اور دوہزار میٹر سے زائد فاصلے پر واقع رہائش گاہیں وائٹ کیٹیگری کہلائیں گی۔ گرین اور وائٹ کیٹیگری والوں کو حرم شریف آنے جانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جائے گی ۔ وائٹ کیٹیگری کےلئے کراچی ‘ سکھر‘ اور کوئٹہ سے جانے والے حاجیوں کو 2لاکھ85ہزار70روپے فی کس جبکہ لاہور‘اسلام آبادپشاور ‘ ملتان‘ فیصل آباد ‘ سیالکوٹ اور رحیم یارخان سے جانے والے ہر حاجی کو 2لاکھ95ہزار70روپے فی کس جمع کروانے ہوں گے۔ گرین کیٹیگری کے لئے پیکیج بالترتیب 3لاکھ51ہزار اور 3لاکھ61ہزار جبکہ بلیو کیٹیگری کے لئے چار لاکھ11ہزار اور چار لاکھ21ہزار روپے ہوگا۔ گورنمنٹ سکیم کے تمام حاجی مناسک حج کی ادائیگی کے پانچ دنوں کے دوران منٰی‘ عرفات اور مزدلفہ میں سفر کے لئے ٹرین استعمال کریں گے ‘اس کے سفری اخراجات کے طور پر350 ریال اور قربانی کے لئے 450ریال بھی اس پیکیج میں شامل ہیں ۔اس کے علاوہ ہر حاجی کے پاس سعودی عرب میں تقریباً40 دن قیام کے دوران روزمرہ اخراجات کے لئے کم ازکم دو ہزار ریال کا انتظام ہونابھی ضروری ہے جس کا بندوبست حاجی کو خود کرناہے۔
درخواستیں قومی بینکوںکی نامزد برانچوں میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ان میں نیشنل بینک آف پاکستان ‘حبیب بنک‘یونائیٹڈ بینک‘مسلم کمرشل بینک‘الائیڈ بینک‘بینک آف پنجاب ‘سندھ بینک ‘حبیب میٹرو پولیٹن بینک‘ زرعی ترقیاتی بینک‘دوبئی اسلامک بینک‘ بینک الفلاح‘ فیصل بینک ‘ جے ایس بینک‘سونیری بینک اور فرسٹ و یمن بینک لمیٹڈ شامل ہیں۔
عازمین حج درخواست فارم خود پُر کریں یا کسی سے پُر کرواکے غور سے سن لیں تاکہ ان کے کوائف کا درست اندراج ہوسکے ۔ درخواست فارم پُر کرنے سے پہلے ضروری ہدایات اچھی طرح پڑھ اور سمجھ لیں تاکہ کسی غلطی کی وجہ سے درخواست مسترد نہ ہو ۔غلطی سے بچنے کے لئے حج درخواست فارم پُر کرنے سے پہلے اس کی فوٹو کاپی کرواکر پُر کریں اور اصل درخواست فارم اس کے بعد پُر کریں۔ فارم سیاہ روشنائی والے قلم سے خوشخط انگریزی میں نہایت احتیاط سے پُر کریں۔کوئی حرف غلط لکھا جائے تو اس پر سفید فلوڈ لگا کر دوبارہ اس خانہ میں صاف صاف لکھیں۔ احتیاط کریں کہ کوئی حرف یا ہندسہ خانے کی کسی لکیر کو نہ لگے ۔درخواست فارم میں اپنے کوائف درست اور مکمل طور پر لکھیں ‘ فارم کا کوئی کالم خالی نہ چھوڑیں اورغیر متعلقہ کالم کاٹ دیں۔ایک خانے میں صرف ایک حرف یا ہندسہ لکھیں ۔ حج درخواست فارم میںنادرا کے جاری کردہ شناختی کارڈ کا نمبر درج کرتے وقت ڈیش (-) نہ ڈالیں ۔نام‘ ولدیت یاخاوند کے نام سمیت تمام خانوں میں ہر لفظ کے بعد ایک خانہ خالی چھوڑ دیں۔
فارم میں اپنا وہی نام ‘ ولدیت‘ زوجیت لکھیں جو پاسپورٹ پر درج ہے ۔ نام‘ ولدیت لکھتے وقت مسٹر‘ مسز ‘ مس وغیرہ کے الفاظ نہ لکھیں۔ نام‘ ولدیت یا زوجیت لکھنے سے پہلے دیکھ لیں کہ نام کا کوئی حصہ خانوں سے باہر نہ ہو ۔ خواتین اپنے شناختی کارڈکے مطابق حج درخواست فارم پر اپنے والد یا خاوند کا نام لکھیں ۔ایسی شادی شدہ خواتین جن کے شناختی کارڈ پر ابھی تک خاوندکا نام نہیں لکھا گیا اور وہاں والد کا نام لکھا ہو ا ہے‘ وہ اپنے حج درخواست فارم پر خاوند کی بجائے والد کانام ہی لکھیں ورنہ نادرا سے ان کے شناختی کارڈ کی تصدیق نہیں ہو سکے گی ۔خط و کتابت کے لئے درخواست فارم پر اپنا موجود ہ پتہ لکھیں جہاں سے ڈاک بآسانی مل سکے۔تحصیل کوڈ کے خانے میں کوڈ درج کرنے کے لئے کوڈلسٹ متعلقہ بینک سے دیکھی جا سکتی ہے ۔ فارم پر ہلکے نیلے پس منظر میں بنوائی گئی 4x3 سینٹی میٹرسائز کی تصویر چسپاں کریں‘ اسے سٹیپل نہ کریں۔درخواست فارم پر اپنے انٹرنیشنل پاسپورٹ کے فوٹو والے صفحے کی فوٹو کاپی چسپاں کرنا ضروری ہے ۔ہر درخواست دہندہ نے حج درخواست فارم پر پانچ جگہ دستخط کرنے ہیں۔
عازمین حج انفرادی طور پر درخواست جمع کروا سکتے ہیں ۔تاہم ایک خاندان‘ محلے یا علاقے کے لوگ یا دوست احباب مل کر10سے25افراد پر مشتمل گروپ بھی بنا سکتے ہیں ۔گروپ خود ترتیب دیں اور اپنے گروپ میں سے کسی تعلیم یافتہ اورمناسک حج سے آگاہی رکھنے والے شخص کو گروپ لیڈر نامزد کریں اور اس کے درخواست فارم نمبر گروپ کے باقی افراد کے فارم میں گروپ لیڈر کے خانے میں لکھا جائے ۔گروپ میں شامل تمام افراد کا مقام روانگی‘ رہائش کی کیٹگری‘ فقہ ‘گروپ لیڈر کا درخواست نمبر اور واجبات حج مع درخواست فارم جمع کرانے کی تاریخ اور وقت ایک ہونا ضروری ہے ورنہ گروپ میں موجود ہر فرد گروپ لیڈر کے تابع ہوگا ۔گروپ لیڈر کو بتایا جائے کہ وہ گروپ لیڈر بنادیا گیا ہے اور گروپ لیڈر کو اس کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے۔ اسی طرح عازمین حج کو بھی مطلع کیا جائے کہ فلاں شخص ان کا گروپ لیڈر ہے ۔ گروپ میں کوئی سگریٹ نوش شامل کرنے کی صورت میں گروپ کے ممبران اور لیڈر سے اجازت لی جائے ۔معذور افراد اپنے سفری معاون کے ساتھ درخواست دے سکتے ہیں۔ معذور افراد کے درخواست فارم میں ان کے ساتھ جانے والے معاون کا نام اور درخواست نمبر ضرور لکھاجائے۔معاون کا معذور کے گروپ میں سفر کرنا لازمی ہے۔حج درخواستیں جمع کروانے والے تمام مرد وخواتین کسی بااعتماد شخص یا قریبی عزیز کو نامزد کریں۔درخواست فارم میں نامزد کے خانے میں کسی ایسے شخص کا نام تحریر کریں جس سے کسی حادثے کی صورت میں فورا رابطہ کیا جاسکے اور وہ حاجی بقایا حقداروں کو پہنچانے کا ذمہ دار ہو ۔بہتر ہے کہ نامزد افراد حاجی کے حقداروں یا خاندان سے ہو ۔ حاجیوں کے تحفظ کے لئے وزارت مذہبی امور نے تکافل فنڈ قائم کیا ہے ۔اس فنڈ میں 400روپے فی کس جمع کروانے کے عوض دوران حج وفات ‘ معذوری یا زخمی ہونے کی صورت میں حج پالیسی کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا ۔ حج کے دوران طبعی یا حادثاتی موت کی صورت میں مروجہ قوانین کے تحت سعودی عرب میں دفن کیا جائے گا۔
اہل سنت کے تمام مسالک کے نزد یک خواتین کے ساتھ شرعی محرم کا سفر کرنا ضروری ہے۔ ایک محرم کے ساتھ زیادہ سے زیادہ چار خواتین سفر کرسکتی ہیں۔شرعی محرم میں شوہر، والد، بھائی ، بیٹا، دادا، نانا، سسر، چچا، ماموں ، بھتیجا ، بھانجا ، پوتا، نواسا اور داماد شامل ہیں۔ خواتین محرم کے ساتھ شرعی رشتہ اور شرعی رشتہ کا کوڈ متعلقہ خانے میں درج کریں‘ محرم کا حج درخواست نمبر متعلقہ خانے میں درج کریں اور محرم سے دستخط کروائیں۔ تاہم ا س نیک کام کے لئے جعلی محرم نہ بنائے جائیں۔ یہ بات اکثر دیکھنے میں آتی ہے کہ بینکوں کا عملہ حج پر جانے والی تنہا خواتین کے جعلی محرم بنانے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتا ۔ حاجیوں کے گروپ بناتے وقت قطعی نا آشنا مردوں کو عورتوں کا محرم بنا دیا جاتا ہے جو نہ صرف شرعی اعتبار سے غلط ہے بلکہ خدا کو دھوکہ دینے کے مترادف بھی ہے۔جعلی محرم سعودی عرب پہنچ کر اپنے ساتھ آنے والی ان خواتین کی مدد اور دیکھ بھال نہیں کر سکتے ، یہ خواتین بہت سے کام خود انجام نہیں دے سکتیں ‘ اس طرح حج کا سفران کے لیے مزید مشکل ہو جاتا ہے ۔
تمام عازمین کو حج درخواست فارم میں شامل اقرار نامے پر بھی دستخط کرنا ہوں گے جس کے تحت انہیں تمام سعودی قوانین کی پابندی کرنے‘سیاسی سرگرمیوں ‘ مذہبی تعصب اور کھلے عام سعودی حکام اور خدام الحجاج یا ان کے نمائندوں کے خلاف مظاہرے سے اجتناب کرنا ہو گا۔اس کے علاوہ انہیں پاکستان حج مشن کی طرف سے جاری کی جانے والی ہدایات کی پابندی کرنے اور کوئی ایسا عمل نہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرواناہوگی جس سے پاکستان کی عزت پر حرف آئے یاپاکستان کے جھنڈے یا کسی منقولہ و غیر منقولہ جائیدا د کو نقصان پہنچتا ہو۔
سعودی وزارت حج نے تمام ملکوں کو حاجیوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے ۔ یہ تیاری جسمانی صحت کی حفاظت ‘ مناسک حج کی درست طریقے سے ادائیگی ‘ سعودی قوانین کی پابندی اور سعودی عرب میں قیام کے دوران روزمرہ مسائل کے بارے میں ضروری معلومات حاصل کرنے کے بارے میں ہے ۔حج درخواستیں جمع کروانے والے اس مبارک سفر کی برکتیں سمیٹنے ‘ اسے اپنے رب کے لئے قابل قبول اور اپنی ذات کے لئے یادگار اور آخرت میں ذریعہ نجات بنانے کے لیے ابھی سے تیاری شروع کردیں ۔مناسک حج درست طریقے سے ادا کرنے کے لیے مستند کتابوں کا مطالعہ کریں اور تربیتی پروگراموں میں ضرور شرکت کریں۔ حج تربیتی پروگرام کی ویڈیو سی ڈیز بھی دستیاب ہیں ‘ ان سے استفادہ کریں ۔ اپنے جسم کو اس مشقت طلب عبادت کے قابل بنانے کے لئے روزانہ ہلکی ورزش کریں ، پیدل چلنا معمول بنالیں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں تاکہ دوران حج انہیں زیادہ مشکلات کا سامنا نہ ہو۔     ٭

مزید :

کالم -