پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ، حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں ،عوامی ردعمل

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ، حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں ...

لاہور (سروے احسن حسن) وزارت پٹرولیم کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات میں ایک بار پھر کئے جانے والے اضافہ سے عوام مشکلات کی دلدل میں دھنستے ہوئے پائے گئے مگر حکومت وقت کا عوام کی مشکلات پر ذرہ بھر بھی دھیان نہیںروٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والے صرف اور صرف غریب عوام کا خون چوس رہے ہیں آئے دن پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے یہ حکمران بہت جلد ہمیں ہماری سفری سہولیات سے بھی محروم کر دیں گے ان خیالات کا اظہار گزشہ روز ”پاکستان“ کی طرف سے کئے گئے خصوصی سروے میں شہریوں نے کیا گزشتہ روز کئے گئے اس خصوصی سروے میں لاہور کے مکینوں نے آئے روز پٹرولیم مصنوعات میں کئے جانے والے اضافہ کے باعث حکومت وقت کے ساتھ شدید ناراضگی اور غصہ کا اظہار کیا ۔کامران، فیض علی اور معین آصف کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو دکھ، تکلیف اور پریشانیوں کے علاوہ کچھ نہیں دے سکتی انہوں نے مزید کہا کہ ملک پاکستان ایک سونے کی چڑیا کی مانند ہے اللہ تعالیٰ نے اسے کئی معدنی نعمتوں سے آراستہ کیا ہوا ہے مگر افسوس صد افسوس کہ ہر چیز یہاں میسر ہونے کے باوجود ہمیں دوسرے ممالک کے سامنے ہاتھ پھیلانے پڑتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی تو پیسوں میں کرتے ہیں مگر اضافہ روپوں کی صورت میں کرتے ہیں جو کہ سراسر غریب عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ شامون، فواد اور ساجد نے ”پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے غریب عوام کی بے بسی کا مذاق اڑا رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں آئے روز ہوشربا اضافہ نے خاص طور پر طالب علم طبقہ کو شدید مشکلات سے دو چار کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں گھر سے روزانہ 100 روپے جیب خرچ ملتا ہے ہم نے اس سو روپے میں سے پٹرول بھی ڈلوانا ہے اور باقی اخراجات بھی مگر افسوس ہمارے پیسے صرف موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلوانے کے ہی کام آتے ہیں لوکل ٹرانسپورٹرز پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث مسافروں سے منہ مانگا کرایہ وصول کرتے ہیں مقبول عارف، اسلم اور عامر مصطفی نے کہا کہ یہ بات ہماری سمجھ سے بالا تر ہے کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے تو پٹرول پمپس مالکان اپنے پٹرول پمپس کو بند کر دیتے ہیں اور جب پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا تا ہے تو مالکان اسی وقت پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر پٹرول دیتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ سی این جی تو پہلے ہی نہیں مل رہی جس کے باعث وہ اپنی گاڑیوں کو پٹرول پر چلانے پر مجبور ہیں مگر آئے روز پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ سے لگتا ہے کہ انہیں اپنی گاڑیاں بیچ کر لوکل ٹرانسپورٹ پر سفر کرنا پڑے گا انہوں نے مزید کہاکہ حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور ہم غریب لوگوں پر کچھ ترس کھائیں تاکہ ہم اپنی زندگی آسانی سے گزار سکیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1