بحرانوں نے ملک کو گھیرے میں لے رکھا ہے،وسیم اختر

بحرانوں نے ملک کو گھیرے میں لے رکھا ہے،وسیم اختر

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ پاکستان اس وقت کسی ایک بحران کا شکار نہیں۔مہنگائی،بے روز گاری اور بجلی کی انتہا کو چھوتی لوڈشیڈنگ جیسے کئی بحرانوں نے ملک کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔حکمرانوں کی نااہلی اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے ملکی معیشت کا پہیہ جام اورلاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں،مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ملک اور عوام کو تمام بحرانوں سے نجات دلانے کے لئے بروقت انتخابات کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کے قریب آتے ہی ملکی حالات کو خراب کرنے کی سازشیں کی جارہیں یہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ کچھ طاقتیں الیکشن کو ملتوی کروانے کی کوششیں کررہی ہیں۔آئے روز ملک کے کسی نہ کسی شہر میںبم دھماکے اورقتل و غارت کی وارداتیں ہورہی ہیں۔کچھ طاقتوں نے الیکشن کو ملتوی کرانے کے لئے پاکستان کو قتل گاہ بنادیا ہے۔ ملکی حالات انتہائی بدتر ہوچکے ہےں ۔انہوں نے کہاکہ حکمران ٹولہ امریکہ اور اس کے حواریوں کو راضی کرنے میں لگا ہوا ہے۔ امریکی مداخلت کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال دگرگوں ہے۔ امریکہ مسلمانوںاور اسلام کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ امریکہ کے حلیف ہونے کے باوجود پاکستان کی سلامتی کا سوال اٹھ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ باکردار اور محب وطن قیادت کے فقدان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیاہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام امریکی غلا م حکمرانوںکے خلاف جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک دشمن پالیسیوں اور غیر ملکی مداخلت کی مذمت کی ہے۔ ملک کو اس وقت مخلص قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو تباہ ہونے سے بچاسکے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہاکہ ملک کی سب سے بڑی خرابی اور بد نصیبی یہ ہے کہ وہ لوگ ہم پر مسلط ہوگئے ہیں جو ملک کے مفادکو عزیز رکھنے کی بجائے امریکی مصلحت کی جنگ لڑرہے ہیں۔جب تک پاکستان کی سیاست سے ذاتی مفاد پرستی اور خاندان پرستی کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ملکی حالات درست نہیں ہوسکتے۔   

مزید : میٹروپولیٹن 1