شہری ایک ایسے پاسپورٹ پر جہاز میں سوار ہوکر برطانیہ سے جرمنی پہنچ گیا کہ حقیقت سامنے آئی تو سکیورٹی حکام کی نیندیں اڑگئیں، جان کر آپ کی حیرت کی بھی انتہا نہ رہے گی
برلن (نیوز ڈیسک) آج کل فضائی سفر کرنے والوںکو سخت ترین سکیورٹی چیکنگ سے گزرنا پڑتا ہے، اور خصوصاً دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر تو سکیورٹی کے معاملات غیر معمولی طور پر سخت ہوچکے ہیں، لیکن آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ ایسے حالات کے باوجود ایک برطانوی باشندہ اپنی گرل فرینڈ کے پاسپورٹ پر جرمنی جا پہنچا۔
اخبار ”مرر“ کے مطابق 21 سالہ جاش ریڈ کا قد 6فٹ 3انچ ہے اور وہ باریش بھی ہیں، مگر ان کے پاس جو پاسپورٹ تھا اس پر ایک دبلی پتلی خوبرو لڑکی کی تصویر تھی، جو کہ دراصل ان کی گرل فرینڈ صوفی واٹکنز ہے۔ جاش اور صوفی واٹکنز کے حلیے میں زمین آسمان کا فرق ہونے کے باوجود یہ حیرت انگیز واقعہ پیش آ گیا کہ جاش کو لندن میں کسی نے روکا اور نہ ہی جرمنی میں کسی نے کچھ پوچھا، اور وہ صوفی کے پاسپورٹ پر اپنا سفر انتہائی پرسکون انداز میں مکمل کرتے ہوئے جرمنی جا اترے۔
جاش نے بتایا کہ وہ لندن سٹین سٹیڈائیرپورٹ سے جرمنی کے ڈورٹمنڈ ائیرپورٹ کے لئے ریان ائیر کی پرواز سے روانہ ہونے والے تھے، اور جلدی میں وہ غلطی سے اپنی گرل فرینڈ کا پاسپورٹ ساتھ لے گئے۔ ان کے بورڈنگ پاس کے سوا کوئی چیکنگ نہیں کی گئی، لہٰذا انہیں خود بھی غلطی کا احساس اس وقت ہوا جب وہ جرمنی پہنچ چکے تھے۔
ائرپورٹ سکیورٹی کی اتنی بڑی ناکامی سامنے آنے پر برطانیہ اور جرمنی میں کھلبلی مچ گئی ہے، اور حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ ایسی غفلت کا واقعہ کیسے پیش آیا۔