لاہور چیمبر میں ویب گرافک سکل کورس شروع ہو گیا
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ویب گرافک سکل کورس شروع ہو گیا جس میں شامل افراد کو ویب گرافک کی مختلف تکنیکیں سکھائی جائیں گی، یہ کورس لاہور چیمبر کی اْن کوششوں کا حصہ ہے جو وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے کررہا ہے۔ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے محمد انیس اور آصف خلیل اس پروگرام کو سپروائز کررہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ آج کے دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بہت اہمیت اختیار کرگئی ہے کیونکہ یہ نہ صرف کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بناتی ہے بلکہ عالمی تجارتی مواقعوں سے فائدہ اٹھانے میں بھی بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ طلباء کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ہنر سے آراستہ کرنے پر توجہ دے تاکہ انسانی وسائل سے فائدہ اٹھاکر ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے حکومت کو تعلیم کے لیے بجٹ بڑھانا ہوگا تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ طلباء کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ انہیں ترقی یافتہ دنیا کے طلباء سے شدید مقابلے کا سامنا ہے ۔
انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ چیلنجز کو مدّنظر رکھتے ہوئے اپنے نصاب کو دورِ حاضر کے مطابق ڈھالیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے اپنا نصاب نجی شعبے کی مشاورت سے تیار کریں ۔تعلیمی اداروں کو نجی شعبے سے رابطے میں رہنا چاہیے تاکہ انہیں صنعت کی ضروریات سے آگاہی ملتی رہے اور وہ اس کے مطابق افرادی قوت تیار کریں۔