پاکستان میں معاشی واقتصادی استحکام آرہا ہے: الیاس مجید شیخ
لاہور(کامرس رپورٹر) بزنس پروموشن کونسل کے چیئرمین اورلاہورچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق ممبرایگزیکٹوکمیٹی الیاس مجید شیخ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر کام شروع ہو نے اور آپریشن ضرب عضب کے زریعے ملک میں امن و امان کی صورت بہتر ہونے کے باعث پاکستان میں معاشی واقتصادی استحکام آرہا ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان رخ کرنا شروع کر دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گذشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جس طرح ملک میں امن وامان کی صورت حال میں بہتری لاکر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری پر راغب کیا ہے اسی طرح ملک کے مختلف اضلاع میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے صنعتی یونٹ لگانے کے عمل میں پیچیدگیاں اور دیگر غیر ضروری رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے کیونکہ جب تک ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی ملک معاشی، اقتصادی اور صنعتی اعتبار سے ترقی نہیں کر سکتا۔ انہو ں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار لارج سکیل مینو فیکچرنگ کریں۔انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی و اقتصادی پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں لہذاملک میں مختلف صنعتی یونٹوں کی بڑے پیمانے پر پیداوار سے جہاں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ایکسپورٹ کا ہدف حاصل ہو گا بلکہ ملکی زر مبادلہ میں اضافہ سے پاکستان غیر ملکی قرضوں سے بھی نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔