حکومت سٹیل میلٹرز انڈسٹری کی بحالی کے لیے جلد اقدامات اٹھائے: لاہور چیمبر

حکومت سٹیل میلٹرز انڈسٹری کی بحالی کے لیے جلد اقدامات اٹھائے: لاہور چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہو رچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سٹیل میلٹرز انڈسٹری کی بحالی کے لیے جلد اقدامات اٹھائے اور بجلی کے بلوں پر جنرل سیلز ٹیکس سمیت دیگر مسائل فوری طور پر حل کرے۔ سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ سٹیل میلٹرز کے بجلی کے بلوں پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح فوری طور پر کم کی جائے کیونکہ اس کی وجہ سے اْن کی پیداواری لاگت میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔ وفد نے لاہور چیمبر کے عہدیداروں کو آگاہ کیا کہ سٹیل میلٹنگ سیکٹر کی پیداواری صلاحیت 7.5ملین ٹن ہے جو کم ہوکر 3.5ملین ٹن رہ گئی ہے جس کی بڑی وجہ پیداواری لاگت میں اضافہ اور تیار و نیم تیار سٹیل مصنوعات کی درآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیل میلٹنگ انڈسٹری واحد انڈسٹری ہے جو ملک کو معیاری سٹیل مہیا کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، مقامی انڈسٹری سریا، گارڈر، ٹی آر ، اینگلز اور دیگر مصنوعات تیار کرتی ہے جس سے قومی خزانے کو بھی بھاری محاصل ملتے ہیں لیکن اس صنعت کی مشکلات بتدریج بڑھتی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹ کی سطح پر جو ایڈجسٹ ایبل سیلز ٹیکس لیا جاتا ہے اس کی ایڈجسٹمنٹ کے انتظار میں بھاری سرمایہ بلاک ہوجاتا ہے لہذا امپورٹ کی سطح پر اس ٹیکس کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیل میلٹنگ انڈسٹری کے خام مال پر پانچ فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جسکی وجہ سے مشکلات مزید بڑھتی جارہی ہیں لہذا یہ ڈیوٹی بھی فوراً واپس لی جائے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے توقع ظاہر کی کہ حکومت سٹیل میلٹنگ انڈسٹری کی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے اسے ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے گی۔

مزید :

کامرس -