پاکستان میں مغربی تہذیب اور ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں،مولانا محب النبی
لاہور(پ ر)پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اس میں مغربی تہذیب اور مغربی ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں ہے حکمران اپنی طاقت کے بل بوتے پر پاکستان میں مغربی ایجنڈا نافذ نہیں کرسکتے پاکستانی عوام اپنی ایمانی قوت کے ساتھ اس کی مزاحمت کریں گے ان خیالات کااظہار جمعیۃ علماء اسلام ضلع لاہور کے امیر شیخ الحدیث مولانا محب النبی، حافظ اشرف گجر، قاری نذیر احمد، حافظ غضنفرعزیز اور مولانا عبد الشکور یوسف نے کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران پنجاب کے غیرت مند عوام کی غیرت کو چیلنج کررہے ہیں اور ہماری تہذیب کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں، ہماری مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں اسلام کے دئیے ہوئے حقوق سے مطمئن اور خوش ہیں وہ مغربی تہذیب کو ترقی کے بجائے تنزلی کا ذریعہ سمجھتی ہیں انہیں ترقی کے نام پر دھوکہ نہیں دیا جاسکتا وہ ایسے تمام قوانین کو مسترد کرتی ہیں۔