کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دیں،دردانہ صدیقی

کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دیں،دردانہ صدیقی

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعتِ اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی ، اسلامی نظریاتی کونسل کی ممبر ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر حمیرا طارق ، ضلعی ناظمہ زرفشاں فرحین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے ، جہاں پر روزانہ ایک ارب سے زائد کرپشن ہوتی ہے وہاں سے غربت اور ناانصافی کا خاتمہ کیونکر ممکن ہو سکتا ہے۔ احتساب کے ادارے کرپٹ عناصر کے لیے سہولت کاروں کا کردار ادا کر رہے ہیں ہر قسم کی کرپشن کے خلاف بے رحمانہ احتساب کرنا ہو گا۔ جماعتِ اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے عوام سے درخواست کی کہ عوام اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دے تاکہ اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج ا لحق کی اپیل پر یکم مارچ سے ملک میں اینٹی کرپشن تحریک کے لیے پریس کانفرنس میں کہا۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن صرف قومی خزانے اور اداروں کا مسئلہ نہیں بلکہ خواتین بھی اس سے براہِ راست متاثر ہو تی ہیں۔ مائیں ، بہنیں، بچیاں بھی اس مہم میں اپنا کردار ادا کریں ۔زرفشاں فرحیں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کی سہولتیں شہریوں کو دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکمرانوں کو آئین میں اختیارات کی دفعات تو یاد ہیں مگر عوام کے حقوق اور مسائل پر اندھے، گونگے،بہرے بن گئے ہیں۔ حکمران آئین سے وفاداری کے بجائے، بے وفائی اور غداری کر رہے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -