ا مریکا کا داعش کے خلاف سائبر جنگ کا آغاز
واشنگٹن (اے پی پی)ا مریکا نے داعش کے خلاف سائبر جنگ کا آغاز کر دیا ۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پنٹاگون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں گفتگو کر تے ہوئے امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے کہا کہ داعش کے خلاف ہم نے جس سائبر جنگ کا آغاز کیا ہے وہ دہشت گرد تنظیم کے مواصلاتی وسائل پر منفی اثرات مرتب کرے گی۔انھوں نے کہا کہ داعش کے خلاف جدوجہد میں فیلڈ میں کئے جانے والے آپریشنز کے ساتھ ساتھ سائبر جنگ بھی اہمیت کی حامل ہے۔انھوں نے کہا کہ سائبر جنگ کے کامیاب ہونے کی صورت میں داعش پرانے رابطہ نظام کو استعمال کرے گی اور اس طرح سیکیورٹی ادارے دہشت گرد تنظیم کو زیادہ آسانی سے نشانہ بنا سکیں گے۔ اس موقع پرجنرل ڈنفورڈ نے کہا کہ سائبر جنگ کی چال دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف حیران کن اثرات پیدا کرے گی اور تنظیم کو نقصان پہنچائے گی۔