متعدد وارداتوں میں ملوث قیصری ڈکیت گینگ کے دوملزم گرفتار

متعدد وارداتوں میں ملوث قیصری ڈکیت گینگ کے دوملزم گرفتار

  

لاہور(سٹی رپورٹر)فیصل ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث قیصری ڈکیت گینگ کے 2 ملزموں کو گرفتار کر کے ان سے مختلف وارداتوں میں لوٹا ہوا لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاعات کی روشنی میں ریڈ کر کے ڈکیتی اور راہزنی کی واردااتوں میں ملوث قیصری ڈکیت گینگ کے سر غنہ قیصر علی عرف قیصری اور اس کے ساتھی عبدالرزاق عرف جاقو کو گرفتا ر کر کے ان کی نشاندہی پر لاکھوں روپے مالیت کے مسروقہ طلائی زیورات،ایک لاکھ25ہزار روپے نقدی، موٹر سائیکل، موبائل فونز، دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے جبکہ ملزموں کا تیسرا ساتھی محمد سبحان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں جو اس سے قبل بھی ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے ۔ ابتدائی تفیش کے دوران ملزموں نے تھانہ فیصل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، اچھرہ، لیاقت آباد، نصیر آباد،کوٹ لکھپت، کاہنہ، گلبرگ، شادمان، فیکٹری ایریا اورنشتر کالونی کے علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -