چنیوٹ میں خام لوہے کے ذخائر ،پنجاب میں ایک ملین ٹن سالانہ پیداوار کی سٹیل مل لگائی جا سکتی ہے :شہباز شریف

چنیوٹ میں خام لوہے کے ذخائر ،پنجاب میں ایک ملین ٹن سالانہ پیداوار کی سٹیل مل ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے چین کے معروف سرمایہ کارگروپ کے اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی۔چینی وفد نے پنجاب میں انڈسٹریز سیکٹربالخصوص سٹیل مل لگانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔چینی سرمایہ کاروں کے وفد کی قیادت گروپ کے نائب صدر مسٹرجنگ فینگرو کررہے تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چین کے سرمایہ کار گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی مفید معاشی تعاون میں بدل چکی ہے ۔چین نے 46ارب ڈالر کا تاریخی اقتصادی پیکیج دے کرپاکستان سے دوستی کا حق نبھایا ہے اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ سی پیک کے تحت 36ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں میں کی جارہی ہے ۔سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سمیت پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت چنیوٹ میں معدنی ذخائر کے ایک بڑے منصوبے پر کام کررہی ہے ۔ بین الاقوامی ماہرین کی پیش کردہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق چنیوٹ میں تقریباً15کروڑ ٹن عمدہ کوالٹی کے خام لوہے کے ذخائر کی پیمائش وتصدیق ہوئی ہے اوراس ضمن میں ابتدائی رپورٹ کے نتائج حوصلہ افزا ء ہیں جس کے تحت خام لوہے کے ذخائر کی مقدارکی ابتدائی پیمائش اورتصدیق سے پنجاب میں ایک ملین ٹن سالانہ پیداوار کی سٹیل مل لگائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز خصوصاً سٹیل مل لگانے کے منصوبے میں چینی سرمایہ کار گروپ کیلئے سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے اورانہیں اس موقع سے بھر پور فائد ہ اٹھانا چاہیے۔ چینی گروپ کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے اور انہیں ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے سرمایہ کاری کی ضروری سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں اورصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہوگی کہ چینی سرمایہ کار پنجاب میں منصوبے لگائیں۔انہیں اوران کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ دیں گے۔چینی سرمایہ کارگروپ کے نائب صدر مسٹرجنگ فینگرو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریز سیکٹر بالخصوص سٹیل مل کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اورمستقبل میں پنجاب حکومت سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں صوبے کی ترقی اور خوشحال کیلئے بے مثال کام کیا جارہا ہے اور ہمیں پنجاب میں ترقی کی رفتار دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ۔صوبائی وزراء چوہدری محمد شفیق،شیر علی خان،سیکرٹری معدنیات،سیکرٹری صنعت،چےئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیکٹر میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے اور اس سیکٹر کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دے کر سماجی و معاشی ترقی کی رفتار میں اضافہ کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں،لہٰذا لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبے کے فروغ کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات کرکے اس پر عملدرآمد کرنا ہوگا تاکہ اس شعبے کے پوٹینشل سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے اور دیہی آبادی کی سماجی و معاشی ترقی میں اضافہ ہو سکے۔ وہ ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیکٹر کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کے حوالے سے مختلف اقدامات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی بڑی دیہی آبادی کا لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبے سے روزگار وابستہ ہے اور اس ضمن میں دیہی آبادی کوجدید تربیت سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے تاکہ پیداوار میں مزید اضافہ ہوسکے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لائیوسٹاک کی پیداوار بڑھانے کیلئے دیہی آبادی کی مہارت میں اضافے کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے اور نتائج کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک سیکٹر کو معیشت کی مضبوطی میں مرکزی حیثیت حاصل ہے لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے اہداف کا تعین کرکے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ صوبے میں لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، تاہم پنجاب میں اس شعبے کے بے پناہ پوٹینشل سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے مزید نتیجہ خیز اقدامات کرنا ہوں گے، خصوصاً بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیکٹر کا حصہ بڑھانے کیلئے فعال اور متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا ، جن سے دیہی آبادی کی سماجی و معاشی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوگا اور برآمدات بڑھیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ لائیوسٹاک جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے حوالے سے جانوروں کی مفت ویکسینیشن کے پروگرام پر مسلسل عملدرآمد جاری رکھا جائے اور اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت ہرممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، ڈاکٹر فرخ جاوید، ملک ندیم کامران، حمیدہ وحیدالدین، معاون خصوصی ارشد جٹ، سینیٹر سعود مجید، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹری صاحبان اور اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں اڑھائی برس کے دوران پاکستان امن، خوشحالی اور روشنیوں کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے اور آج کا پاکستان کل سے بہتر ہے اورکل کا پاکستان آج سے بہتر ہوگا۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں اورعام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید کرنے والے عام آدمی کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارمختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور2017 تک توانائی کے متعدد منصوبے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کے باعث ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اورسرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک درست سمت بڑھ رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے۔ وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ ملاقا ت کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی سردار منصب علی ڈوگر، محسن شاہنواز رانجھا، اراکین صوبائی اسمبلی ، شیخ علاؤالدین ،نعیم بھابھہ اورماجد نوازشامل تھے۔ ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -