شوگر مل کے چیف ایگزیکٹو ریاض قدیر بٹ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید16 مارچ تک توسیع

شوگر مل کے چیف ایگزیکٹو ریاض قدیر بٹ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید16 مارچ تک توسیع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے حق باہو شوگر مل کے چیف ایگزیکٹو ریاض قدیر بٹ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید16 مارچ تک توسیع کردی۔احتساب عدالت کے جج عبدالستار نے کیس کی سماعت کی، نیب حکام کی جانب سے ملزم ریاض قدیر بٹ کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، نیب کے پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے موقف اختیار کیا کہ ریاض قدیر بٹ نے یوٹیلیٹی سٹورز کو چینی فراہم کرنے کے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان پاکستان سے معاہدہ کیا اور 61 کروڑ سے زائد رقم ایڈوانس وصول کی، ملزم نے معاہدے کے تحت 14530 میٹرک ٹن چینی فراہم کرنی تھی مگر صرف 1499 میٹرک ٹن چینی فراہم کی۔

، معاہدے کے تحت 100 میٹرک ٹن معیاری چینی روزانہ فراہم کی جانی تھی، ملزم ریاض قدیر بٹ نے معاہدے سے انحراف کرتے ہوئے قومی خزانے کو 31 اکتوبر 2015 تک تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔


،ڈپٹی سیکرٹری امپورٹ وزارت تجارت محمد اسحاق شنواری نے نیب سے رجوع کیا، ملزم کو بار بار طلبی کے نوٹس بھجوائے گئے مگر ریاض قدیر بٹ انکوائری میں شامل نہ ہوا، ڈی جی نیب میجر ریٹائرڈ سید برہان علی نے 27 جنوری 2016 کو ڈپٹی ڈائریکٹر نیب میاں ندیم احمد شاہد کو انکوائری کا حکم دیا، چار سال گزر جانے کے باوجود ملزم نے نہ تو چینی فراہم کی اور نہ ہی رقم واپس کی، چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے 12 فروری کو ملزم ریاض قدیر بٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے، وارث علی جنجوعہ نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی جائے، عدالت نے حق باہو شوگر مل کے چیف ایگزیکٹو ریاض قدیر بٹ کے جسمانی ریمانڈ میں 16 مارچ تک توسیع کردی ہے۔