محکمہ ایکسائز اور نیشنل بنک میں گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق معاہد ہ
لاہور(سپیشل رپورٹر)محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن موٹررجسٹریشن اتھارٹی اور نیشنل بینک کے درمیان ایک معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت پنجاب کے عوام کو گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے اب رشوت نہیں دینا پڑے گی اورنہ ایجنٹوں کی منت سماجت کیوں کہ ڈیلر ہی گاڑی کی فروخت پر نمبر پلیٹ اوررجسٹریشن فراہم کرنے پابند ہوگا۔ذرائع کے مطابق شہریوں کو گاڑی ، موٹر سائیکل کی رجسٹریشن پر ایکسائز کے دفتر جانے پر ایجنٹوں کی منت سماجت ، رشوت دینے کے ساتھ ساتھ دھکے کھانا پڑتے تھے جس کے سد باب کے لئے محکمہ ایکسائز اور نیشنل بینک کے درمیان ایک ایم او یو سائن کیا گیا ہے جس کے مطابق پنجاب حکومت نے ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت گاڑی کی خریداری پر ہی صارف کو ڈیلر رجسٹریشن کا سمارٹ کارڈ اور نمبرپلیٹ فراہم کرے گا۔ نئے سسٹم کا نفاذ آئندہ چند ہفتوں میں کر دیا جائے گا تاہم حکومت پنجاب ایک اور قانون بھی اسمبلی سے منظور کروانے جا رہی ہے جس کے تحت اب گاڑی کی رجسٹریشن اور نمبر پلیٹ گاڑی کی بجائے مالک کے نام سے ہوگی ایک ہی کمپنی بدلنے پر بھی نمبرپلیٹ وہی رہے گی۔ حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نئے نظام سے اب پنجاب میں کوئی غیر رجسٹرڈ گاڑی سڑک پر نہیں آسکے گی جبکہ اس نظام سے دہشت گردی کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔