حکمرانوں کی پالیسیاں نوجوانوں کے ٹیلنٹ ختم کررہی ہیں، خرم نواز

حکمرانوں کی پالیسیاں نوجوانوں کے ٹیلنٹ ختم کررہی ہیں، خرم نواز

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ بزم منہاج کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے معروف قانون دان ایس ایم ظفر نے کہا کہ نوجوان اسلام کے سلامتی والے پیغام کو دنیا میں عام کریں،پاکستان ہے تو ہم سب ہیں ،دنیا کو بتائیں کہ جو امن رواداری اور برداشت اسلام میں ہے دنیا کے کسی مذہب میں نہیں ہے،انہوں نے طلباء و طالبات کو نصیحت کی کہ ہمیشہ سچ بولیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہم بزرگوں کی امید ہیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق خان نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کا خطبہ حجتہ الوداع اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل کر دیا جائے تو دنیا سے عدم برداشت اور بدامنی ختم ہو جائے گی۔ حکمران حقوق نسواں کے ساتھ ساتھ حقوق پاکستان کا بھی خیال کریں، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس میں ہر کام فوج کو کرنا پڑتا ہے،دنیا میں حکومتیں اپنی افواج کیلئے آسانیاں پیدا کرتی ہیں مگر پاکستان میں مشکلات کھڑی کی جاتی ہیں،فوج کا نام ہی پاکستان ہے،فوج دہشتگردی کے خاتمے ،امن کے فروغ اورمعاشی استحکام کیلئے جدوجہد کررہی ہے،انہوں نے کہا کہ شہ رگ کشمیر چالیس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے مگر حکمرانوں کی اس طرف توجہ نہیں ہے،بزم منہاج کی تقریب سے اعجاز چودھری، مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ناصر شیرازی، سینئر آرٹسٹ عثمان پیرزادہ، سینئر صحافی تجزیہ کار عارف حمید بھٹی، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی،سید امجد علی شاہ،سہیل رضا ،شہزاد رسول ،عبدالحفیظ چودھری نے خطاب کیا۔ سیکرٹری جنر ل خرم نواز گنڈاپورنے معزز مہمانان خصوصی کو منہاج القرآن آمد پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیاں نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو ختم کررہی ہیں، موجودہ حکمران اور نوجوان اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ناصر شیرازی نے کہا کہ جو شخص ظلم کے خلاف بول نہیں سکتا وہ کبھی ظالم کے سامنے کھڑا نہیں ہو سکتا، جو سمجھتا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی کہانی ختم ہو گئی اس نے تصویر کا صرف ایک رخ دیکھ رکھا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -