ابرار الحق کی درخواست پر حکومت سے میڈیکل کالجوں کو جاری این او سی کا ریکارڈ طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما اور گلوکار ابرار الحق کی درخواست پر وفاقی حکومت سے میڈیکل کالجوں کو جاری کئے گئے این او سی کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ جسٹس عائشہ اے ملک کی عدالت میں ابرالحق کی درخواست پر سماعت ہوئی تو ابرار الحق وکیل شکیل الرحمن خان نے بتایا کہ سہارافار لائف ٹرسٹ کے سربراہ ہیں اور ناروال میں میڈیکل کالج کھولنا چاہتے ہیں۔سیاسی بنیادوں پر این او سی جاری نہیں کیا جا رہا،وکیل کے مطابق حکومت نے کئی میڈیکل کالجوں کو این او سی جاری کیا ہے لیکن ابرارالحق کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا ہے۔ ابرار الحق حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کے رہنما ہیں اس لئے ان کومیڈیکل کالج کھولنے کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جا رہا،این او سی میں تاخیر ہونے سے صرف طلبہ کا سال ضائع ہو جائے گا،انہوں نے استدعا کی کہ حکومت کو این او سی جاری کرنے کا حکم دیا جائے،درخواست پر مزید سماعت آئندہ ہفتے ہوگی۔