صوبے میں صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے سستی بجلی پیدا کرنے کے منصوبے تیار کئے جائیں ، محمد عاطف

صوبے میں صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے سستی بجلی پیدا کرنے کے منصوبے تیار کئے ...

  

 پشاور(پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر توانائی اور ابتدائی تعلیم محمد عاطف خان نے محکمہ انرجی اینڈ پاور کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے میں صنعتی شعبے کی ترقی کے لئے سستی بجلی پیداکرنے کے قلیل المدت اور قابل عمل منصوبے تیار کریں تاکہ صوبے کی معیشت مضبوط ومستحکم ہو اور بے روزگاری کابھی خاتمہ ہو۔یہ ہدایات انہوں نے پشاورمیں انرجی اینڈ پاورکے منصوبوں پرپیش رفت کاجائزہ لیتے ہوئے دیں۔ اجلاس کو اس شعبے میں نئے ،جاری اورمجوزہ منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری انرجی اینڈپاور انجینئر نعیم خان اوردیگرمتعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ وزیر انرجی اینڈ پاور نے کہا کہ ملک کا باالعموم اور صوبے کا باالخصوص سب سے بڑا اور گھمبیر مسئلہ غربت اور بے روزگاری ہے اور اس مسئلے کا فوری اوردیرپا حل صوبے میں زیادہ سے زیادہ انڈسٹریلائزیشن کافروغ ہے جو بلاتعطل اورسستی بجلی کے بغیر ممکن نہیں ۔عاطف خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس صوبے کو بے پناہ قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ چلتے پانی سے نوازہ ہے جو سستی بجلی پیداکرنے کاسب سے آسان،بہتر اورسستا ذریعہ ہے۔اس لئے حکومت خیبرپختونخو کی توجہ پن بجلی کی پیداوار پر ہے اورتقریباً ڈھائی ہزار میگاواٹ پن بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو مٹلتان اور کوٹومنصوبوں پر کام تیز ترکرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے پن بجلی کے ساتھ ساتھ شمسی توانائی سے بھی استفاد ہ کرنے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ۔وزیر موصوف نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ انرجی اینڈ پاور کے منصوبوں کے سلسلے میں وفاق کے ساتھ بھی برابر رابطے میں رہیں اورصوبا ئی حقوق کے حصول کے لئے مضبوط کیس تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے معاملے میں ہماری اولین ترجیح صنعتی شعبہ ہونا چاہئے کیونکہ یہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ اول -