محکمہ پولیس کو جدید معیار کے مطابق استوار کیا جائے،اختر بلوچ

محکمہ پولیس کو جدید معیار کے مطابق استوار کیا جائے،اختر بلوچ

  

کراچی (کرائم رپورٹر)پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ وائس چانسلر شہید بینظیر بھٹو لیاری یونیورسٹی نے حکومت سندھ پر زور دیا ہے کہ وہ پورے محکمہ پولیس کو اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے پیشہ وارانہ معیار کے مطابق استوار کیا جائے ۔ انھوں نے یہ بات بدھ کو پروفیسر مناف کے ہمراہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران کہی۔ اے آئی جی سیکیورٹی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ مقصود احمد نے سندھ میں کاؤنٹر ٹیرررزم یونیورسٹی کے قیام ، سیکیورٹی وژن 2020 پروجیکٹ، پولیس ایمرجنسی رسپونس سینٹر 911 ، ہوسٹائل انوائرمنٹ اوےئرنیس ٹریننگ پروگرام (H.E.A.T) ،اسپیشلائزڈ پیشہ وارانہ تربیت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اس کے علاوہ انھوں نے بتایا کہ بین الاقوامی ادارے کی جانب سے بین الاقوامی معیار کے مطابق انسداد دہشت گردی آپریشنز، اہم شخصیات اور اہم تنصیبات کو تحفظ فراہم کرنے پر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کو ISO سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے۔یونیورسٹی کے قیام کے حکومت سندھ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر بلوچ نے کہا کہ مجوزہ یونیورسٹی پاکستان بالخصوص سندھ کے نوجوانوں کو جدید پولیسنگ کی ضروریات کے بارے میں معلومات وآگاہی فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔ مقصود احمد نے مزید بتایا کہ ملک کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم (S.W.A.T) اسپیشل سیکیورٹی یونٹ میں جدید تربیت یافتہ و جدید اسلحہ پر مشتمل کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوزقائم کی گئی ہے جو ہمہ وقت دہشت گردوں کی کسی بھی کاروائی کو ناکام بنانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے ۔ وائس چانسلر نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور امید ظاہر کی کہ محکمہ پولیس کوایس ایس یو کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیارکی طرز کے مطابق بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید :

کراچی صفحہ آخر -