راولپنڈی ،متعلقہ حکام کی نا اہلی ،7فیصد کمی کے اعلان کے باوجود ٹرانسپورٹ کرائے کم نہ ہوئے

راولپنڈی ،متعلقہ حکام کی نا اہلی ،7فیصد کمی کے اعلان کے باوجود ٹرانسپورٹ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(چوہدری نثار سے) حکومت پنجاب کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ میں 7فیصد کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ مافیا کی ملی بھگت سے محکمہ ٹرانسپورٹ، سٹی ٹریفک پولیس پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی پر عمل درآمد نہ کرا سکی، شہری سٹاپ ٹو سٹاپ 15روپے کرایہ دیکر سفر کرنے پر مجبور ہیں، شہریوں نے ریجنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور سی ٹی او کو راولپنڈی بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، تفصیلات کے مطابق یکم مارچ کو پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث حکومت پنجاب نے پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کے کرایوں میں 7فیصد کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، سیکرٹری ٹرانسپورٹ راولپنڈی حکومت پنجاب کے حکم پر عملدرآمد کرانے کے ذمہ دار ہیں لیکن بد قسمتی سے راولپنڈی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن صرف سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے دفتر تک محدود ہو کر رہ گیا ہے، اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑٖیوں کے مالکان کو تقسیم نہ کیا گیا جس کی وجہ سے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کیا گیا کرایہ کی کمی کا فائدہ شہریوں کو نہ ہو سکا اس وقت بھی کچہری چوک سے صدر کا کرایہ 15روپے وصول کیا جا رہا ہے اسی طرح 22نمبر سے سواں اڈہ 20روپے وصول کیا جا رہا ہے،22نمبر چونگی سے منڈی موڑ تک 20روپے وصول کیا جا رہا ہے،چند ماہ قبل سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے تیسری سٹیج کا کرایہ 19روپے مقرر کیا تھا جبکہ اس وقت حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کئے گئے کرائے نامہ کے مطابق تیسری سٹیج کا کرایہ 16روپے تھا،اسی طرح لالہ رخ کالونی لیاقت کالونی چکری روڈ سے22نمبر چونگی کا بھی کرایہ 20روپے وصول کیا جا رہا ہے جبکہ چینگ چی رکشہ کا کرایہ جب 110روپے فی لیٹر پٹرول کی قیمت تھی اس وقت بھی 15روپے وصول کیا جا رہا تھا جب کہ اب 62روپے فی لیٹر پٹرول کی قیمت ہو چکی ہے تب بھی کرایہ چنگ چی ڈرائیورز 15روپے ہی وصول کر رہے ہیں،اسی طرح ائرپورٹ سے راجہ بازار تک چلنے والے سوزوکی گاڑیاں من مانے کرایہ وصول کر رہے ہیں،ڈھوک چوہدریاں سکیم تھری سے بھی کچہری چوک تک بھی 15روپے کرایہ وصول کیا جا رہا ہے، سٹی ٹریفک پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ راولپنڈی کے حکام حکومت پنجاب کی جانب سے شہریوں کو فراہم کیا جانیوالا ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں،شہریوں کی بڑی تعداد نے صوبائی حکومت سے سیکرٹری ٹرانسپورٹ راولپنڈی،چیف ٹریفک پولیس آفیسر کو راولپنڈی بدر کرنے کا مطالبہ کیا ہے،شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے یہ دونوں افسران چہتے ہیں لیکن حکومت کی طرف سے عوام کو دیا جانیوالاے ریلیف پر عملدرآمد کرانے پر ناکام ہو چکے ہیں اور شہری آج بھی 2012سے قبل جاری کیا گئے کرائے ناموں پر کرایہ اد ا کر کے سفر کرنے پر مجبور ہیں،اس حوالے سے جب سٹی ٹریفک پولیس کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ کرائے ناموں پر عملدرآمد کرانے کی ذمہ داری محکمہ ٹرانسپورٹ کی راولپنڈی کی افسران اور ان کے عملے کی ہے اورجب سیکرٹری ٹرانسپورٹ راولپنڈی اویس منظور تارڑ رابطہ کیا گیا تو انہوں نے روز نامہ پاکستان کو بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور ٹرانسپورٹروں کو تقسیم بھی کر دیا ہے اگر ٹرانسپورٹر نئے کرائے نامے پر عملدرآمد نہیں کرینگے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔