ملازمین کی سیفٹی میری اولین ترجیح ہے،چیف ایگزیکٹوآئیسکورانا عبدالجبار
ٹیکسلا(مقصودخان سے)چیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹرراناعبدالجبارنے کہاہے کہ ملازمین کی سیفٹی میری اولین ترجیح ہے ،دوران کام وفات پانے والے ملازمین کوہم عنقریب بہت بڑے ایوارڈسے نوازنے والے ہیں ،میں نے محکمہ آئیسکوکوامانتاٌ لیاہے اورانشاء اللہ اس کومذیدمنافع بخش ادارہ بنانے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کروں گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گذشتہ روزیہاں واپڈادفاترکے دورہ کے موقع پر نمائندہ ’’پاکستان‘‘کوخصوصی انٹرویودیتے ہوئے کیا۔اس موقع پرواپڈاہائیڈروالیکٹرک لیبریونین کے عہدیداران سیدثمرشاہ،رحیم شاہ، نوراحمداورریاست علی بھی موجودتھے۔انہوں نے بتایاکہ حکومت نے مجھے دوسری مرتبہ چیف ایگزیکٹوبناکرمجھ پرجس اعتمادکااظہارکیا ہے میں انشاء اللہ حکومت کے اعتمادپرپورااترنے کی بھرپورکوشش کروں گا۔میں نے جب آئیسکوکاچارج سنبھالا توخزانہ خالی تھا لیکن ہم دن رات محنت کرتے ہوئے ادارے کوترقی کی طرف گامزن کررہے ہیں اورہم ہرتین گھنٹے بعد حکومت سے بھی مکمل رابطوں میں ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں چیف ایگزیکٹوآئیسکوکاکہناتھا کہ صارفین کی شکایا ت کے ازالہ کے لئے ہم ایک روشنی پروگرام شروع کرررہے ہیں جس پرٹیلی فونک سسٹم کے ذریعے آدھے گھنٹے میں عوام کی شکایا ت دورکی جائیں گی ۔گرمیوں کی آمداورلوڈشیڈنگ پرتبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم ممکنہ لوڈشیڈنگ سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پرکام کررہے ہیں تاکہ جتنابھی ممکن ہوبجلی کی لوڈشیڈنگ کم ہو۔ انہو ں نے ملازمین پرزوردیتے ہوئے کہاکہ تمام ملازمین محنت ولگن سے کام کریں اورمیرے لئے وہی قابل احترام ہوگاجوبہترکام کرے گا۔