سردار عتیق خان کی حسین محی الدین سے ملاقات ،آزاد کشمیر الیکشن پر تبادلہ خیال

سردار عتیق خان کی حسین محی الدین سے ملاقات ،آزاد کشمیر الیکشن پر تبادلہ خیال

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق خان نے عوامی تحریک کے سینئر رہنما منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین سے ملاقات کی، ڈاکٹر حسین محی الدین نے سابق وزیراعظم سردار عتیق خان کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہونے والی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ہم خیال جماعتیں مل کر دھاندلی کا راستہ روکیں گی۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مسلم کانفرنس لاہور کے صدر حاجی محمد اقبال، سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد بھٹی و دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا ایک سنگین اور ناقابل معافی واقعہ ہے۔سردار عتیق نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں 17 جون کے دن ظلم ہوا، ظلم کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صدر مشرف کے ساتھ بھی کام کیا ان میں لیڈر شپ کوالیٹیز تھیں، موجودہ حکمرانوں کو کوئی بات سمجھانا جان جوکھوں کا کام ہے۔ ملاقات کے بعد مرکزی سیکرٹری خرم نوازگنڈاپور نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کے آخری ہفتے میں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر لاہور میں اے پی سی بلارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں،اے پی سی میں آئندہ کا لائحہ عمل دینگے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -