وقار یونس خرم منظور، انور علی اور شرجیل خان کی قومی سکواڈ میں شمولیت پر ناراض تھے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد ایشیاءکپ سے باہر ہونے پر جہاں عوام انتہائی غم و غصے میں مبتلا ہیں وہیں ایک کے بعد ایک راز بھی باہر آ رہا ہے اور اب انکشاف ہوا ہے کہ انور علی، خرم منظور اور شرجیل خان کو سکواڈ میں شامل کئے جانے پر ہیڈ کوچ وقار یونس سخت ناراض ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ وقار یونس انور علی اور خرم منظور کی قومی سکواڈ میں شمولیت نہیں چاہتے تھے تاہم اس کے باوجود دونوں کو شامل کر لیا گیا جس پر وقار یونس نے تحریری طور پر بھی اعتراض اٹھایا اور ای میل کے ذریعے اپنے تحفظات سے قومی سلیکشن کمیٹی کو آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی الیوین پر بھی ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی میں ہم آہنگی نہیں تھی جو شکست کی بڑی وجہ بنی۔
ذرائع کے مطابق وقار یونس ورلڈ ٹی 20 سکواڈ میں بھی تبدیلی چاہتے ہیں لیکن اس معاملے میں ان کا چیف سلیکٹر سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تاہم جلد ہی ورلڈ ٹی 20 سکواڈ میں بڑی تبدیلیوں کی خبریں منظرعام پر آ سکتی ہیں۔