پٹھان کوٹ واقعے پر بلیم گیم بدقسمتی ہے، ورلڈٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی حفاظت کی ذمہ داری بھارت کی ہے: دفتر خارجہ

پٹھان کوٹ واقعے پر بلیم گیم بدقسمتی ہے، ورلڈٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی حفاظت کی ...
پٹھان کوٹ واقعے پر بلیم گیم بدقسمتی ہے، ورلڈٹی 20 میں پاکستان ٹیم کی حفاظت کی ذمہ داری بھارت کی ہے: دفتر خارجہ

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاک امریکہ ڈائیلاگ سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید آگے بڑھیں گے، پٹھان کوٹ و اقعے پر تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے تاہم بلیم گیم بدقسمتی ہے۔ ورلڈ ٹی 20 کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کی حفاظت بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے پٹھان کوٹ واقعے کی ایف آئی آر درج کی ہے اور تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے جبکہ ممبئی حملوں سے متعلق بھارت سے مزید شواہد کا انتظار ہے تاہم پٹھان کوٹ واقعے پر بلیم گیم بدقسمتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف تمام ممالک کے باہمی تعاون پر یقین رکھتا ہے جبکہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت ملک اور قوم کی حفاظت کیلئے ہے ۔ نفیس زکریا نے کہا کہ پاک امریکہ سٹریٹجک مذاکرات سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے ۔

ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان کی شمولیت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے قومی ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت دیدی ہے اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری بھارتی حکومت کی ہے۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -