پی ایس ایل فائنل ،فول پروف سیکیورٹی کے ساتھ دیگر انتظامات بھی شاندار ہوں گے،فائنل میچ قومی ایونٹ ہے ،ہر صورت کامیاب اور یادگار بنائیں گے :شہباز شریف

پی ایس ایل فائنل ،فول پروف سیکیورٹی کے ساتھ دیگر انتظامات بھی شاندار ہوں ...
پی ایس ایل فائنل ،فول پروف سیکیورٹی کے ساتھ دیگر انتظامات بھی شاندار ہوں گے،فائنل میچ قومی ایونٹ ہے ،ہر صورت کامیاب اور یادگار بنائیں گے :شہباز شریف

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت قربان لائنز میں اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں رات گئے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کیلئے شاندار انتظامات کئے گئے ہیں،شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے تمام متعلقہ ادارے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، انسانی بس میں ممکن ہر ضروری اقدام کیا جائے جس سے میچ دیکھنے کیلئے آنے والوں کو سہولت ملے، فول پروف سیکیورٹی کے ساتھ فائنل میچ کے دیگر تمام انتظامات بھی بہترین ہوں گے،جتنا بڑا ایونٹ ہے، اتنے ہی شاندار انتظامات کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 200 طلبا و طالبات کو میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے اور یہ 200 طلبا و طالبات پنجاب حکومت کے خصوصی مہمان کے طور پر میچ دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولز کے 25 طلبا و طالبات اور 25 پیف سکالرز کو بھی میچ دیکھنے کیلئے مدعو کیا گیا ہے،یہ صرف لاہور کا نہیں، پاکستان کا ایونٹ ہے جسے ہر صورت کامیاب بنانا ہے، فائنل میچ کو یادگار بنانے کیلئے وضع کردہ سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کی باقاعدہ نگرانی جاری رکھی جائے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میچ کی ڈیوٹی پر مامور پولیس اور دیگر محکموں کے اہلکاروں کو بہترین کھانا ملنا چاہیئے اوراس ضمن میں کسی قسم کی شکایت نہیں ملنی چاہیئے۔

اجلاس میں  ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور کمشنر لاہور ڈویژن نے سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرون کیمروں پر پابندی ہوگی، سٹیڈیم میں فرسٹ ایڈ کا مناسب انتظام کیا گیا ہے جبکہ 2 موبائل ہسپتال بھی موجود ہوں گے۔جنریٹرز کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ فری شٹل سروس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، رانا مشہود احمد، ایوب گادھی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

قومی -