موسم گرما کی سبزیاں 20 سے 35 درجہ سینٹی گریڈ کے دوران بہترین نشوونما دیتی ہیں: محکمہ زراعت

موسم گرما کی سبزیاں 20 سے 35 درجہ سینٹی گریڈ کے دوران بہترین نشوونما دیتی ہیں: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)موسم گرما کی سبزیاں 20 سے 35 درجہ سینٹی گریڈ کے دوران بہترین نشوونما دیتی ہیں۔ اس سے زیادہ یا کم درجہ حرارت سبزیوں کی پیداوار کو متاثر کرتا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کریلا، گھیا کدو، چپن کدو، گھیا توری، بھنڈی توری، بینگن، ٹماٹر، سبز مرچ، شملہ مرچ، تر اور کھیرا موسم گرما کی اہم سبزیاں ہیں جن کی کاشت مارچ کے مہینے میں کی جاسکتی ہے۔ ترجمان کے مطابق سبزیوں کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور بہتر نامیاتی مادے کی حامل زرخیز میرا زمین زیادہ پیداوار دیتی ہے۔ سبزیوں کی کاشت کیلئے کاشتکار ایسی اقسام کا بیج استعمال کریں جو موسمی حالات سے مطابقت ، کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت اور زیادہ پیداواری صلاحیت کا حامل ہو۔ سبزیوں کی کاشت کیلئے بیج کا شرح اُگاؤ 80 فیصد سے زیادہ ہو۔ کاشتکار ٹماٹر اور مرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کریں اور پنیری کی عمر 30 سے 35 دن ہو تو اس کو پٹڑیوں پر سفارش کردہ فاصلے کے مطابق کاشت کریں۔ جبکہ کریلا، گھیا کدو، چپن کدو، گھیا توری، تر اور کھیرا کی کاشت پٹڑیوں کے ایک جانب اور بھنڈی توری کی کاشت پٹڑیوں کے دونوں جانب کریں۔
کاشتکار سبزیوں کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے محکمہ زراعت کے ماہرین سے مشاورت کا عمل جاری رکھیں اور ماہرین کی سفارشات کی روشنی میں اقدامات کریں تاکہ سبزیوں کی فی ایکڑ پیداوار کو بڑھایا جاسکے۔

مزید :

کامرس -رائے -