فیصل آباد تاجر برادری کیلئے رول ماڈل ہے‘ وویمن چیمبر پشاور

فیصل آباد تاجر برادری کیلئے رول ماڈل ہے‘ وویمن چیمبر پشاور

فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد ملک بھر کی خواتین سمیت پوری تاجر برادری کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے جسے اپنا کر دوسرے شہروں کو بھی ترقی کی راہ پر ڈالا جاسکتا ہے۔ یہ بات وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری پشاور ڈویژن کے وفد کی سربراہ فوزیہ عنایت نے فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر نے فیصل آباد سے ٹیکسٹائل کی برآمدات کو بڑھاوا دینے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور یہ بات ہر پاکستانی کیلئے باعث اطمینان ہے کہ یہاں کی خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ قومی تعمیر و ترقی اور برآمدات میں اپنا برابرکا حصہ ڈال رہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور کی خواتین بھی خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ وہ مشکل حالات میں اپنے کاروبار چلا رہی ہیں اگر انھیں فیصل آباد جیسا صنفی مساوات پر مبنی ماحول میسر آجائے تو وہ بھی قومی ترقی میں مزید بھر پور کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور میں خواتین کا چیمبر گزشتہ آٹھ سالوں سے کام کر رہا ہے جبکہ اس کے ممبروں کی تعداد تین سو ہے۔ انہوں نے فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قیام کو سراہا اور کہا کہ اس نے مختصر عرصہ میں قومی سطح پر اپنی منفرد حیثیت کا لوہا منوالیا ہے۔انہوں نے فیصل آباد کی خواتین انٹر پرینورز کو منظم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے موجودہ بانی صدر محترمہ روبینہ امجد کی کوششوں کو بھی سراہا ۔ اس سے قبل فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر نے فیصل آباد اور اس شہر کی مجموعی ترقی میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ وومن چیمبر گزشتہ سال ہی قائم کیا گیا لیکن اس نے خواتین کی آگاہی اور انھیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے کئی سیمینار اور تقریبات منعقد کیں۔ انہوں نے خاص طور پر پہلے فیصل آباد وومن انٹر پرینورز فیسٹیول کا ذکر کیا۔

جس میں خواتین کو اپنی مصنوعات کومتعارف کرانے کے وسیع مواقعے فراہم کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نوجوان اور تعلیم یافتہ خواتین کو کامیاب انٹر پرینورز بنانے کیلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کر لی ہے جس پر بتدریج عمل درآمد جاری ہے۔ انہوں نے وومن چیمبر کی ترقی کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ دونوں چیمبر مل کر اس شہر کی جامع ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے پشاور کی خواتین کے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اسلام میں خواتین شروع سے ہی تجارت کے پیشہ سے وابستہ رہی ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حضرت خدیجہؓ کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ آج کی عورتوں کو بھی اپنے گھریلو کام کا ج کے علاوہ ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ خواتین چیمبر سے ہر ممکن تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ مس قراۃ العین نے فیصل آباد وومن چیمبر کے بارے میں پریزنٹیشن دی ۔ آخر میں مس عروہ نبیل نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ اور وومن چیمبر کی صدر روبینہ امجد نے محترمہ فوزیہ عنایت کو اپنے اپنے چیمبرز کی اعزازی شیلڈیں پیش کیں۔ اس موقع پر فیصل آباد وومن چیمبر کی سنیئر نائب صدر ہانیہ جاوید، نائب صدر عروہ نبیل، مس ناہید کوثر، مس عظمیٰ تبسم اور قائم مقام سیکرٹری جنرل مس وردہ شرمین بھی موجود تھیں۔

B

مزید : کامرس /رائے