حکومت نے شعبہ صحت کی ترقی کے لئے نئے رجحان متعارفکرائے،سلمان رفیق

حکومت نے شعبہ صحت کی ترقی کے لئے نئے رجحان متعارفکرائے،سلمان رفیق

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ہیلتھ سیکٹر کی ترقی کے لئے نئے رجحانات متعارف کرائے ہیں اور صحت کے شعبہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال اور آئی ٹی بیسڈkey پرفارمنس انڈیکیٹرز کی بدولت ہیلتھ کئیر سسٹم کی مانیٹرنگ آسان ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سائنٹفک سمپوزیمز کے انعقاد سے شعبہ صحت کے مقامی ماہرین کو ترقی یافتہ ممالک کے ماہرین کے علم اور تجربے سے ہیلتھ سیکٹر میں ہونے والی جدید ایجادات اور ٹیکنالوجی کے بارے میں سیکھنے کے مواقع میسر آتے ہیں اور ماہرین کو اپنے علم اور تجربے کو مزید فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات چلڈر ن ہسپتال لاہورمیں تیرھویں سالانہ سائنٹفک سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں ہیلتھ سیکٹر کو دن بدن بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے اور صوبہ بھر میں صحت کی سہولیات میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر مسعود صادق نے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور گیارہ سو بستروں پر مشتمل ہسپتال بن چکا ہے جو اس وقت دنیا میں بچوں کی سب سے بڑی علاج گاہ ہے اور اس ہسپتال میں چاروں صوبوں کے علاوہ افغانستان سے بھی مریض بچے علاج کے لئے لائے جاتے ہیں اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق چلڈرن ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجہ کی تمام سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں پوسٹ گرایجوایشن اور سپر سپیشلٹیزمیں تعلیم و تربیت فراہم کی جارہی ہے اور نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل سکول بھی سینٹر آف اکسیلینس بن چکا ہے ۔ تقریب میں چلڈرن ہسپتال کے صابقہ ڈین پروفیسر ساجد مقبول، پاکستان پیڈایٹرک سوسائٹی کے صدر پروفیسر رائے اصغر، میڈیکل ڈائریکڑ پروفیسر سلیم اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے فیکلٹی ممبران ، ڈاکٹرز و نرسز کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے دس کروڑ روپے کی لاگت سے ہسپتال میں قائم کی گئی ہائی برڈ کیتھ لیب اور آڈیٹوریم کا بھی افتتاح کیا۔ سمپوزیم ہفتہ کے روز تک جاری رہے گا جس کے دوران ملکی و غیر ملکی ماہرین اپنے ریسرچ پیپرز پڑھیں گے اور ورکشاپس کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

سلمان رفیق

مزید : میٹروپولیٹن 1