تحفظ ناموس رسالت محاذ کا شام میں نہتے شہریوں پر بمباری کے خلاف مظاہرہ
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)شام کے شہرغوطہ دمشق میں نہتے شہریوں پر وحشیانہ بمباری کیخلاف گزشتہ روزتحفظ ناموس رسالت محاذ کے ز یر اہتمام لاہورپریس کلب کے باہرپرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے محاذ کے صدرپیر رضائے مصطفی نقشبندی نے کہاکہ شامی عوام پر بمباری رکوانے کیلئے اوآئی سی کردارا دا کرے ۔ سلامتی کونسل کی شام کے بارے میں جنگ بندی کی منظور شدہ قرار داد پر فی الفور عمل کرایا جائے ۔متحدہ عرب امارات میں حکومتی سرپرستی میں مندروں کی تعمیراورسندھ اسمبلی میں ہولی کامنانا قابل مذمت اور خلاف شریعت ہے۔مظاہرہ سے پیر بشیر احمدیوسفی،علامہ عبداللہ ثاقب،مولانا محمدعلی نقشبندی، علامہ راحت علی عطاری ، مفتی محمدعمران حنفی ، علامہ ممتاز احمدربانی،پیر محمد ارشد نعیمی ،علامہ ذوالفقار علی ہاشمی،مفتی ابوبکر قریشی،علامہ انوار طارق،مولانا ذوالفقار سیفی،علامہ رب نواز حقانی،قاری مختار صدیقی ، محمد ضیاء الحق نقشبندی،مولانااسلم سلطانی، اعظم ساجد خضری دیگر مذہبی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔مظاہرین نے احتجاجی کتبے اٹھائے ہوئے تھے جن پر شام میں انسانی حقوق کی پامالی کی روک تھام کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے علمبردار اس معاملے پر بھی خاموشی اختیار نہ کریں۔حکومت پاکستان اور او آئی سی کو بے گناہ انسانوں کی اموات پر خاموشی ترک کرنی چاہیے۔
مظاہرہ